سینیٹ انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی کی وصولی ،جمع کرانے کا (کل )آخری روز

اسحاق ڈار، حنا ربانی کھر، کامران مائیکل سمیت 9امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے

بدھ 7 فروری 2018 19:16

سینیٹ انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی کی وصولی ،جمع کرانے کا (کل )آخری ..
ؒلاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 فروری2018ء) سینیٹ انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی کی وصولی اور جمع کرانے کا سلسلہ گزشتہ روزبھی جاری رہا ،سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار، سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر، وفاقی وزیر انسانی حقوق کامران مائیکل سمیت 9امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹ انتخابات میں پنجاب کی 12 نشستوں کے لئے کاغذات نامزدگی کی وصولی اور جمع کرانے کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا جبکہ آج جمعرات آخری روز ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں منشا اللہ بٹ ، ملک وحید، غزالی سلیم بٹ اور ملک نوید سمیت دیگر نے صوبائی الیکشن کمیشن آفس میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے جنرل اور ٹیکنو کریٹ کی نشست پرکاغذات نامزدگی جمع کرائے ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب مسلم لیگ (ق )کے کامل علی آغا نے بھی جنرل اور ٹیکنوکریٹ کیلئے کاغذات جمع کرائے۔ وفاقی وزیر کامران مائیکل نے اقلیتی ،پیپلز پارٹی کے رہنما شہزاد علی خان نے جنرل، نوازش علی رانا نے ٹیکنوکریٹ اور حنا ربانی کھر نے خواتین کی خصوصی نشست کیلئے کاغذات جمع کرائے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنمائوں کا کہنا تھا کہ سینٹ انتخابات کا برا چاہنے والے ناکام ہوگئے، سینٹ میں کامیابی کا سہرا (ن) لیگ کے سر ہی ہوگا۔ اس موقع پر پی پی رہنما فائزہ ملک، سردار شہاب الدین اور خرم وٹو بھی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آصف علی زرداری پنجاب میں کوئی ہارس ٹریڈنگ نہیں کر رہے۔ عدالت کے سامنے پیش نہ ہونے والے اسحاق ڈار کس منہ سے سینیٹ انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔کاغذات نامزدگی حاصل کرنے والے تمام امیدوار کل 8فروری شام 4 بجے تک کاغذات نامزدگی جمع کراسکیں گے۔ پنجاب سینٹ کی7 جنرل، 2 ٹیکنوکریٹ،2 خواتین اور ایک اقلیتی نشست کے لئے انتخابات 3 مارچ کو تمام صوبائی اسمبلیوں میں ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :