بچوں کے حقوق کا تحفظ قوموں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے‘ رانا مشہود احمد خاں

،پنجاب حکومت مستقبل کے معماروں کی بہترین تعلیم و تربیت کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے چائلڈ فرینڈلی معاشرے کے قیام سے بچوں کو محفوظ مستقبل ملے گا‘ صوبائی وزیر کا ’’محفوظ بچے،مضبوط پاکستان‘‘ سیمینار سے خطاب

بدھ 7 فروری 2018 18:22

بچوں کے حقوق کا تحفظ قوموں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے‘ رانا مشہود احمد ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 فروری2018ء) صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ محفوظ بچے ہی مضبوط پاکستان کی ضمانت ہیں،بچے کسی بھی قوم کا قیمتی سرمایہ اورمحفوظ مستقبل ہوتے ہیںاوربچوں کے حقوق کا تحفظ قوموں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے ،پنجاب حکومت مستقبل کے اِن معماروں کی بہترین تعلیم و تربیت کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ پاکستان کو بہترین انسانی وسائل میسر آئیں۔

یہ بات انہوں نے 90شاہراہ قائداعظم میں چائلڈ پروٹیکشن ڈے کے موقع پر ’محفوظ بچے، مضبوط پاکستان--‘‘کے موضوع پر منعقدہ خصوصی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ہر سال صوبہ بھر میں07فروری کو چائلڈ پروٹیکشن ڈے بھر پور انداز سے منایا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی ہدایات کی روشنی میں صوبہ بھر کے سرکاری سکولوں میں خصوصی تقریبات منعقد ہوں گی جن میں طلباء و طالبات کو اپنی حفاظت اور دیگرسماجی امور کے بارے میں ضروری آگاہی دی جائے گی تا کہ بچے کسی بھی نا خوشگوار صورتحال میں اپنی حفاظت کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کے حقوق کے تحفظ کا دن منانے کا مقصد عوام میں بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے آگہی پیدا کرنا ہے۔ قوم کے نونہالوں کے حقوق کا تحفظ معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔صوبائی وزیر رانا مشہود نے کو بتایا کہ قصور میں ننھی زینب کی یاد میں ’’گورنمنٹ زینب فاطمہ گرلز سکول‘‘ قائم کیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر ترقی نسواں حمیدہ وحید الدین نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچے ہمارا روشن مستقبل ہیں ، ان کی نگہداشت اور دینی ، سماجی و اخلاقی تربیت کی ذمہ داری والدین، اساتذہ اور پورے معاشرے پر عائد ہوتی ہے۔

اُنہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے چائلڈ پروٹیکشن ڈے پر ’’محفوظ بچے، مضبوط پاکستان‘‘کے عنوان سے ایک جامع معلوماتی کتابچہ متعارف کروا دیا ہے جو کہ پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ نے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو اور متحدہ علماء بورڈ سمیت متعلقہ محکموںکی مشاورت کے بعد تشکیل دیا گیا ہے۔اس کتابچے کے ذریعے طلباء و طالبات کو شرپسند عناصر سے محفوظ رکھنے سے متعلق آگاہی دی جائے گی جبکہ والدین اور اساتذہ کیلئے بچوں کو محفوظ بنانے کیلئے ضروری ہدایات درج کی گئی ہیں۔

چائلڈ پروٹیکشن ڈے کے موقع پر یہ خصوسی سیمینار سکولز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کے زیر اہتمام منعقد کیا گیا۔سیمینار میں صوبائی وزراء تحفظ ماحولیات ذکیہ شاہنواز، چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئربیوروپنجاب صبا صادق ،مینجنگ ڈائریکٹر پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ عبدالقیوم، منتظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ لاہور علامہ راغب نعیمی، بشپ آف لاہور عرفان جمیل اور وائس چانسلر فاطمہ جناح یونیورسٹی سمیت مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات نے شرکاء سے خطاب کیا۔

اس سیمینار میں ڈائریکٹر جنرل چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیوروکرن خورشید اور محکمہ سکولز ایجوکیشن اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔