شمالی وزیرستان میں راکٹ حملے میں 2 سیکورٹی اہلکار شہید 3 زخمی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 7 فروری 2018 11:04

شمالی وزیرستان میں راکٹ حملے میں 2 سیکورٹی اہلکار شہید 3 زخمی
بنوں(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔07 فروری۔2018ء) شمالی وزیرستان میں فورسز کی گاڑی پر دہشت گردوں کے راکٹ حملے میں 2 اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے ہیں۔پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق فورسز کی گاڑی پر حملہ شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی کے علاقے عیدک میں کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ دہشت گردوں نے سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر راکٹ سے حملہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

پولیٹیکل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حملے میں دو اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔ شہید ہونے والوں میں نائب صوبیدار فیصل محمد اور نائک نعیم جبکہ زخمیوں میں نائک محمد ادریس، سپاہی محمد اقبال اور سپاہی اظہر علی شامل ہیں۔پولیٹیکل انتظامیہ نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مزید اہلکاروں کو جائے وقوع کی جانب بھیجا گیا، جنہوں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شرپسندوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن کا آغاز کیا اور زخمیوں کو علاج کے لیے سی ایم ایچ بنوں منتقل کیا۔