مسئلہ کشمیر کو پرامن طریقے سے حل کرنے کے لئے تمام سیاسی قوتیں یکجہتی کا مظاہرہ کر کے عالمی برادری پر دبائو ڈالے،صوبائی وزراء

اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلے کو پرامن مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے بلوچستان کے مسائل حل کا سب کی ذمہ داری ہے،تقریب سے خطاب

منگل 6 فروری 2018 23:31

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 فروری2018ء) صوبائی وزراء اور سیاسی رہنمائوں نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو پرامن طریقے سے حل کرنے کے لئے تمام سیاسی قوتیں یکجہتی کا مظاہرہ کر کے عالمی برادری پر دبائو ڈالے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلے کو پرامن مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے بلوچستان کے مسائل حل کا سب کی ذمہ داری ہے۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزراء ڈاکٹر رقیہ ہا شمی، منظور احمد کاکڑ، غلام دستگیر با دینی اور پاکستان اسمبلی آف مسلم یوتھ کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری صاحبزادہ نور محمد حسن زئی ، صوبائی چیف آرگنائزر محمد ندیم پانیزئی، مرکزی وائس چی ئرمین ڈاکٹر شکیل روشن، صوبائی سیکرٹری اطلاعات شہریا ر اسلم قریشی نے منعقدہ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا انہوں نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت نے تحریک آزادی کو دبانے کے لیے کشمیریوں کا قتل عام شروع کررکھا ہے ۔

(جاری ہے)

ہزاروں افراد زخمی ہوچکے ہیں اور غیر ملکی انسانی حقوق کی تنظیموں کو جموں کشمیر جانے کی اجازت نہیں ہے۔ اگر جموں و کشمیر کا پاکستان سے الحاق کا مسئلہ حل نہ کیا گیا تو دنیا میں خوفناک جنگ چھڑ سکتی ہے جو پور ی دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔ کشمیریوں کی لازوال قربانیاں رنگ لائیں گی۔ہندوستان اپنے ظلم جبر ہٹ دھرمی اور انسانی حقوق کی پامالی پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار جائے گا۔

مقبوضہ کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے بھارت نے زبردستی اس پر قبضہ کر رکھا ہے بھارت خود اس مسئلہ کو اقوام متحدہ لے کر گیا تھا جہاں استصواب رائے کرانے کا فیصلہ ہوا تھا لیکن بھارت کی ہٹ دھرمی سے آج تک استصواب رائے نہیں ہوسکا۔ بھارت بڑی ڈھٹائی سے کشمیر کو اٹوٹ انگ قرار دیتا ہے ۔کشمیری ستر سال سے آزادی کی جدوجہد کررہے ہیں۔

بھارتی فوج ریاستی تشدد کے ذریعے کشمیریوں کو دبانے کی کوشش کررہی ہے لیکن کشمیری ظلم وستم برداشت کررہے ہیں اور آزادی کی جدوجہد بھی بڑے پیمانے پر کررہے ہیں۔کشمیریوں نے آزادی کے لیے جانی ومالی قربانیاں پیش کی ہیں۔بھارت کے ظلم و ستم میں اب تیزی آگئی ہے اور وہ روزانہ دو تین کشمیریوں کو شہید کررہا ہے۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں کشمیریوں پر ظلم و ستم کا تماشا دیکھ رہی ہیں ۔ کشمیر کی آزادی کا سورج جلد طلوع ہوگا اور بھارت کو منہ کی کھانا پڑے گی انہوںنے کہا ہے کہ بلوچستان کا مسئلہ پرامن طریقے سے حل کیا جائے اور جب تک اس مسئلے کو پرامن حل نہیں کیا جاتا اس وقت تک یہاں کے عوام کو تحفظ نہیں مل سکتے ۔