سپریم کورٹ ، سی ٹی ڈی پنجاب میں خواتین کے کوٹے سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کافیصلہ برقرار

ْفیصلے کیخلاف سی ٹی ڈی کی اپیل خاری ،پنجاب حکومت اور سی ٹی ڈی پر جرمانہ عائد کردیا گیا

منگل 6 فروری 2018 23:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 فروری2018ء) سپریم کورٹ نے سی ٹی ڈی پنجاب میں خواتین کے کوٹے سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کافیصلہ برقراررکھتے ہوئے فیصلے کیخلاف سی ٹی ڈی کی اپیل خاری کردی جبکہ پنجاب حکومت اور سی ٹی ڈی پر جرمانہ عائد کردیا ہے۔ منگل کو کیس کی سماعت چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس عمر عطاء بندیال اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل تین رکنی بنچ نے کی ، دوران سماعت چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے اپنے ریمارکس میں کہا ہے کہ پاکستانی قوم بڑی دلیر ہے اور ہماری بچیاں بھی بڑی دلیر ہیںلیکن پنجاب حکومت بچیوں کے ساتھ امتیازی سلوک کررہی ہے کمیشن کے انتخابات میں بچیوں کا میرٹ پر حصہ لینے کا حق ہے۔

چیف جسٹس نے کہاکہ ہماری بچیاں اب جہاز اڑا رہی ہیں کسی صورت خواتین کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں ہونے دیں گے۔

(جاری ہے)

عدالت نے ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف سی ٹی ڈی کی اپیل خاری کرتے ہوئے پنجاب حکومت پر 25 ہزار روپے جرمانہ عائدکیا تو وکیل سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ خواتین اور مردوں کے تقرر کامعیار مختلف ہے جس پر چیف جسٹس نے کہاکہ ہر شعبے میں ہماری بچیاں بڑی باصلاحیت ہیں اس دوران وکیل نے مداخلت جاری رکھی تو عدالت نے اے آئی جی سی ٹی ڈی کو عدالتی حکم کے بعد مداخلت پر 50 ہزار روپے جرمانہ کردیا چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ خواتین کو میرٹ پر تعینات کریں۔