نواز شریف نے آصف زداری پر تنقید کے لیے عابد شیر علی اور رانا ثنائ اللہ کا مقابلہ کروا رکھا ہے، نفیسہ شاہ

منگل 6 فروری 2018 23:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 فروری2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرین کے سیکریٹری اطلاعات نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ نواز شریف صاف چھپتے بھی نہیں اور سامنے بھی نہیں آتے۔ وہ آصف علی زرداری سے ایک عرصہ ملاقات کی بھیک مانگتے رہے اور جب دھتکار دئیے گئے تو انھوں نے نیا کھیل شروع کر رکھا ہے جس میں رانا ثنااللہ اور عابد شیر علی کا وہ روز مقابلہ کرواتے ہیں کہ دونوں نے آصف علی زرداری اور پی پی پی پر اخلاقیات سے گھرے ہوئے جملے کس کر ایک دوسرے پر سبقت لے جانی ہوتی ہے۔

اپنے بیان میں انکا کہنا ہے کہ رانا ثناء اللہ کو سیاست کرنے کا پورا پورا حق ہے مگر ان پر ماڈل ٹاون کے قتل عام کا الزام ہے انھیں چاہیے کہ پہلے اپنے پر لگے اس داغ کو دھو لیں اور پھر دوسروں پر الزام تراشی کریں کیوں کہ اس وقت کے حالات و واقعات اس الزام کو بھرپور تقویت دیتے ہیں کہ معصوموں کے قتل میں برائے راست وزیر اعلی پنجاب و رانا ثنائ اللہ کا ہاتھ تھا۔

(جاری ہے)

پاکستان پیپلز پارٹی کے اسلام آباد، ملتان اور لاہور کے جلسوں نے ن لیگ کو بازاری زبان استعمال کرنے پر مجبور کردیا ہے۔ سیاسیات میں اخلاقیات کا جنازہ نکالنے کا سہرا بھی نواز شریف اور انکے حواریوں کو جاتا ہے۔ نفیسہ شاہ نے یوم کشمیر پر پی پی پی کے لاہور جلسے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں پی پی پی کے تاریخی جلسے نے مخالفین کی بہت سے خوش گمانیاں دور کر دیں ہیں۔

لاہور کو اپنی جاگیر سمجھنے والے بھول جاتے ہیں کہ مشرف دور میں چار کارکن نہیں جمع کر پاتے تھے۔ آج وفاق حکومت اور پنجاب حکومت کے سر پر جلسے کر کے اپنے آپ کو رہنما سمجھ بیٹے ہیں اور مقابلہ آصف علی زرداری سے کرتے ہیں کہ جس کا لاہوریوں نے مشرف دور میں بھی باوجود گرفتاریوں کے ایسا استقبال کیا کہ اس وقت کے عامر کو جہاز کے رن وے سے آصف علی زرداری کو گرفتار کرنے کا حکم دینا پڑا۔

16 اپریل 2005 کو 10000 سے زائد پولیس والے بھی پی پی پی کارکنان کو آصف زرداری کے استقبال سے نہ روک سکے۔ کل ایک بار پھر لاہوریوں نے ثابت کردیا کہ پی پی پی کو پنجاب میں کوئی ختم نہیں کرسکتا۔ نفیسہ شاہ کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف اپنے حواریوں کو استعمال کرنے کے بجائے خود بولنے کی ہمت کریں ن لیگ فیصلہ کرلے کہ انکا مسئلہ آصف زرداری ہیں یا پھر ان کے قائد کے اربوں کے اثاثے۔

آصف علی زرداری پر تنقید مسلم لیگ کی بھکلاہٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ وہ جانتے ہیں کہ رائیونڈ کا تخت اب گرنے کو ہے جسے ایک نہ ایک دن گرنا ہی تھا کیوں کہ جھوٹ پر قاہم سلطنت کبھی قاہم نہیں رہے سکتی اور نواز شریف نے نہ صرف عدلیہ کے سامنے جھوٹ بولا بلکہ عوام کے معزز ایوان کے سامنے بھی دروغ گوئی سے باز نہ آئے۔۔