حسن ابدال میں سکھ برادری کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر ریلی

منگل 6 فروری 2018 23:11

حسن ابدال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 فروری2018ء) حسن ابدال میں سکھ برادری کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر ریلی کا انعقاد کیا گیا، شمعیں روشن کی گئیں۔ سکھ رہنماؤں نے کشمیرکو پاکستان کا حصہ قرار دیا اور کہا کہ بھارت کو کشمیریوں کو آزادی دینا پڑے گی۔ بھارت کشمیریوں پر ظلم بند کرے، پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مذہبی آزادی حاصل ہے۔

(جاری ہے)

گوردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال کے مرکزی دروازے کے سامنے سکھ کمیونٹی کی جانب سے کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں مسیحی برادری کے علاوہ دیگر مذاہب کے افراد بھی شریک تھے تقریب میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے شمعیں روشن کی گئیں اور پاکستان اور افواج پاکستان کے حق میں نعرہ بازی کی گئی۔

تقریب میں سکھ برادری اور مسیحی برادری کی نمائندہ شخصیات نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیر میں مظالم بند کرے، ہمارا دل کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ انہوں نے کہا کے پاکستان میں تمام مذاہب کو مکمل آزادی حاصل ہے، عالمی دنیا کشمیر کی آزادی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے اور بھارت کے مظالم بند کر کے کشمیریوں کو مکمل آزادی دلوائی جائے۔