ایس سی او کے سیکریٹری جنرل راشد علیموف کی شاہد خاقان عباسی سے ملاقات

وزیراعظم نے شنگھائی تعاون تنظیم کے رابطوں کے فروغ کے اقدامات کی حمایت کردی پاکستان کے ایس سی او اور اس کے رکن ممالک کے ساتھ گہرے تاریخی و ثقافتی روابط اور مضبوط اقتصادی و سٹریٹجک تعلقات ہیں، شاہد خاقان عباسی پاکستان جیسے نئے ارکان کی شمولیت سے ایس سی او کو بہت زیادہ تقویت ملی ہے جو حقیقی طور پر بین العلاقائی اور بین البراعظمی تنظیم کی حیثیت سے ابھری ہے، سیکرٹری جنرل ایس سی او

منگل 6 فروری 2018 23:17

ایس سی او کے سیکریٹری جنرل راشد علیموف کی شاہد خاقان عباسی سے ملاقات
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 فروری2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رابطوں کے فروغ کے اقدامات کی حمایت کرتے ہوئے سی پیک کو ایس سی او کے 6 منظور شدہ راستوں کے ساتھ منسلک کرنے کی پیشکش کی ہے۔ وہ ایس سی او کے سیکریٹری جنرل راشد علیموف سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے منگل کو وزیراعظم آفس میں ان سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے ایس سی او کی رکنیت کے عمل کو آگے بڑھانے کے حوالے سے ان کی حمایت پر سیکرٹری جنرل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ثقافتی تنوع اور مشترکہ ترقی کے مقصد کے حصول کے لئے باہمی احترام، مفاد اور برابری پر مبنی ’’جذبہ ئ شنگھائی‘‘ کے حوالے سے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے ایس سی او اور اس کے رکن ممالک کے ساتھ گہرے تاریخی و ثقافتی روابط اور مضبوط اقتصادی و سٹریٹجک تعلقات ہیں۔

(جاری ہے)

ایس سی او کی تمام سرگرمیوں میں پاکستان کی فعال شرکت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے اس امر کو سراہا کہ ایس سی او نے بین الاقوامی سطح پر خود کو ایک اہم اور بااثر کردار کی حیثیت سے منوایا ہے۔ اقتصادی، تجارتی، ترقیاتی، سیکورٹی اور انسداد دہشت گردی تعاون کے حوالے سے اس کی منفرد اور عملیت پسند ہئیت اسے دیگر بین الاقوامی تنظیموں سے ممتاز کرتی ہے۔

وزیراعظم نے ایس سی او ڈویلپمنٹ بینک، ایس سی او ڈویلپمنٹ فنڈ، ایس سی او بزنس کونسل، ایس سی او انٹر بینک کنسورشیم کے قیام اور چھوٹے اور درمیانے حجم کے کاروبار کے بارے میں ایس سی او اقدام سمیت تنظیم کے مختلف اقدامات کی حمایت کی۔ ایس سی او علاقائی انسداد دہشت گردی ڈھانچہ کے لئے حمایت کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے انتہائ پسندی، دہشت گردی اور علیحدگی پسندی کی تین برائیوں کی بھرپور مخالفت کا اعادہ کیا۔

سیکریٹری جنرل ایس سی او نے ایس سی او سرگرمیوں میں پاکستان کی فعال شرکت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جیسے نئے ارکان کی شمولیت سے ایس سی او کو بہت زیادہ تقویت ملی ہے جو حقیقی طور پر بین العلاقائی اور بین البراعظمی تنظیم کی حیثیت سے ابھری ہے اور عالمی سیاست میں کثیر الجہتی کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی او دہشت گردی اور منشیات کی لعنت کے کامیابی سے انسداد اور اقتصادی خوبیوں اور مواصلاتی رابطوں کی بھرپور صلاحیت کے شعبوں میں پاکستان کے تجربہ سے استفادہ کر سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :