وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ،ْمختلف معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں کی منظوری

مقدمہ بازی اخراجات ایکٹ 2017ء کے نفاذ کی منظوری، ایکٹ یکم مارچ 2018ء سے نافذ العمل ہو گا

منگل 6 فروری 2018 23:13

وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ،ْمختلف معاہدوں اور مفاہمت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 فروری2018ء) وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی کابینہ نے مختلف معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں کی منظوری دیدی ہے ۔وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں مختلف معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں حکومت تاجکستان کے ریڈیو اور ٹیلی ویژن کی کمیٹی اور وزارت اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ پاکستان کے درمیان تعاون کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی منظوری دی گئی۔

اجلاس کے دوران حکومت پاکستان اور سلطنت اومان کے درمیان لیبر اور ٹریننگ کے شعبہ میں تعاون کیلئے بھی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں پاکستان کی وزارت قانون اور تیونس کی وزارت انصاف کے درمیان جسٹس ایڈمنسٹریشن کے شعبہ میں باہمی تعاون کیلئے انتظامات پر دستخط کی بھی منظوری دی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مقدمہ بازی اخراجات ایکٹ 2017ء کے نفاذ کی بھی منظوری دی گئی، یہ ایکٹ یکم مارچ 2018ء سے نافذ العمل ہو گا۔

اجلاس میں گنے کے کاشتکاروں کو درپیش مسائل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ کسانوں کو شوگر ملوں سے رقوم کی بروقت اور طے شدہ نرخ پر ادائیگی کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ اجلاس میں بہاولپور میں سائنس و ٹیکنالوجی انسٹی ٹیوٹ کے قیام کیلئے قانون سازی کی بھی اصولی منظوری دی گئی۔ کابینہ اجلاس میں چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کی مختلف تعیناتیوں کی سفارشات کی بھی منظوری دی گئی۔

جج بینکنگ کورٹ ون پشاور محمد نسیم کی پشاور ہائی کورٹ میں واپس تعیناتی کی منظوری دی گئی۔ ڈسٹرکٹ و سیشن جج خواجہ وجیہ الدین کی جج بینکنگ کورٹ ون پشاور تعیناتی کی بھی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے پی ایس او کے ڈائریکٹرز اور پاکستان پٹرولیم کے ارکان کی تقرری کی بھی منظوری دی۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ادویات کی قیمتوں کے تعین کیلئے پالیسی کی بھی منظوری دی گئی، پالیسی کے تحت مختلف ادویات کی زیادہ سے زیادہ قیمت مقرر کی جائے گی۔

اجلاس میں ڈاکٹر شیخ اختر حسین کی تین ماہ کیلئے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی تعیناتی کی بھی منظوری دی گئی۔ کابینہ کی جانب سے وزارت صحت کو ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے مستقل چیف ایگزیکٹو آفیسر کی تعیناتی کی بھی ہدایت کی گئی۔ کابینہ اجلاس میں ڈسٹرکت و سیشن جج سیّد کوثر عباس زیدی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر 1 اسلام آباد میں تعیناتی کی بھی منظوری دی گئی۔