وزیر اعلی شہباز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ، متعدد مسودہ قوانین اور منصوبوں کی منظوری دی گئی

قصور شہر میں سیف سٹی پراجیکٹ کی منظوری ،شیخوپورہ اور ننکا نہ صاحب میں بھی سیف سٹی پراجیکٹ لگائے جائیں گے وزیر اعلی پنجاب نے چولستان پیکیج کے تحت چولستان کے بے زمین افراد کو سرکاری اراضی کی الاٹمنٹ کے اقدام کی منظوری دے دی ،سرکاری اراضی کی الاٹمنٹ قابل توسیع ہو گی پنجاب ویمن ڈویلپمنٹ پالیسی 2017ء اورپنجاب انیمل ہیلتھ ایکٹ 2017ء کے مسودوں کی بھی منظوری دی گئی پنجاب کی پہلی معدنیاتی پالیسی 2018ء کے مسودے،مجوزہ یونیورسٹی آف سیالکوٹ کے قیام کیلئے چارٹر اور نارووال یونیورسٹی کے قیام کی منظوری مردان میں اسماء کے ساتھ پیش آنے والے اندوہناک واقعہ میں ڈی این اے ٹیسٹ میچ کرنے پر ڈی جی پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کی ستائش پنجاب فرانز ک سائنس ایجنسی نے جس طرح قوم کی بیٹی زینب اور اسماء کے کیسوں کا سراغ لگایا وہ خوش آئند ہے، معصو م بچیوں کے ساتھ ظلم اور زیادتی کی گئی جس پر پوری قوم غمزدہ ہے،سابق ڈکٹیٹر کے دو ر میں اس وقت کی پنجاب حکومت نے چنیوٹ کے معدنی وسائل پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی، وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کا کابینہ اجلاس سے خطاب پازیٹیوایریا میں انڈسٹری لگانے کی اجازت کے لئے متعلقہ محکموں اور ماہرین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کر دی

منگل 6 فروری 2018 23:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 فروری2018ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت منگل کو صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں متعد د مسودہ قانون اور منصوبوں کی منظوری دی گئی-پنجاب کابینہ نے قصور شہر میں سیف سٹی پراجیکٹ کی منظوری دی-شیخوپورہ اور ننکا نہ صاحب میں بھی سیف سٹی پراجیکٹ شروع کئے جائیں گے -پہلے مرحلے میں قصور کے سیف سٹی پراجیکٹ کو مکمل کیا جائے گا جبکہ دوسرے مرحلے میں شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب میں سیف سٹی پراجیکٹ شروع کیاجائے گا-اجلاس میں وزیر اعلی چولستان پیکیج کے تحت چولستان کے بے زمین افراد کو سرکاری اراضی کی الاٹمنٹ کے اقدام کی بھی منظوری دی گئی اورسرکاری اراضی کی الاٹمنٹ قابل توسیع ہو گی- کابینہ اجلاس کے دوران پنجاب ویمن ڈویلپمنٹ پالیسی 2017ء اورپنجاب انیمل ہیلتھ ایکٹ 2017ء کے مسودوں کی بھی منظوری دی گئی-پنجاب میں سیمنٹ سیکٹر کیلئے نیگٹیو اور پازٹیو ایریاز کو ڈیکلیئر کرنے کے ا قدام کی منظوری دی گئی جبکہ پنجاب کی پہلی معدنیاتی پالیسی 2018ء کے مسودے کی بھی منظوری دی گئی-صوبائی کابینہ نے مجوزہ یونیورسٹی آف سیالکوٹ کے قیام کیلئے چارٹر اور نارووال یونیورسٹی آف نارووال کے قیام کی بھی منظوری دی،اجلاس میں پنجاب ڈرگز رولز2007 ء میں ترامیم کی بھی منظوری دی گئی- اجلاس کے دوران وزیر اعلی محمد شہباز شریف اور پنجاب کابینہ کی جانب سے مردان میں اسماء کے ساتھ پیش آنے والے اندوہناک واقعہ میں ڈی این اے ٹیسٹ میچ کرنے پر ڈی جی پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کی ستائش کی -اجلاس میں کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کی کاوشوں اور انتھک محنت کو بھی سراہا گیا-وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب فرانز ک سائنس ایجنسی نے جس طرح قوم کی بیٹی زینب اور اسماء کے کیسوں کا سراغ لگایا ہے وہ اللہ تعالی کا بے پایاں فضل و کرم اور پوری ٹیم کی محنت کے باعث ہوا ہے جس پرمیں دونوں کیسوں میں اہم پیشرفت پر پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی اور کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کو مبارکباد دیتا ہوں-انہوںنے کہا کہ معصو م بچیوں کے ساتھ ظلم اور زیادتی کی گئی جس پر پوری قوم غمزدہ ہے -انہوںنے کہا کہ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی نے سائنسی بنیادوں پر تحقیقات کو آگے بڑھایاجس پر کامیابی ملی - انہوںنے کہا کہ پنجاب حکومت قصور میں سیف سٹی پراجیکٹ فوری طور پر شرع کرے اورسیف سٹی پراجیکٹ کا دائرہ کار شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب تک بڑھایا جائے گا-وزیر اعلی نے کہا کہ وقت کسی کا انتظار نہیں کرتا ہم سب کو ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرنی چاہئیں-انہوںنے کہا کہ چولستان میں پہلے مرحلے میں اہل بے زمین افراد کو کھیتی باڑی کیلئے سرکاری اراضی دی جائے گی اوریہ اراضی قابل توسیع ہو گی - وزیر اعلی نے کہا کہ پنجاب ویمن ڈویلپمنٹ پالیسی 2017ء کا اعلان عالمی یوم نسواں پر کیا جائے گا-انہوںنے کہا کہ لائیوسٹاک کے شعبہ میں پنجاب حکومت نے بے پناہ محنت سے کام کیا ہے اورلائیوسٹاک میں انقلابی پروگرام کے ذریعے تبدیلیاں لائی گئی ہیں -انہوںنے کہا کہ پنجاب معدنی وسائل سے مالا مال ہے -سابق ڈکٹیٹر کے دو ر میں اس وقت کی پنجاب حکومت نے چنیوٹ کے معدنی وسائل پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی جبکہ ہماری حکومت نے کئی سال کیس لڑا اور چنیوٹ کے معدنی ذخائر کو برباد ہونے سے بچایا-الحمد اللہ چنیوٹ میں موجود معدنی ذخائر کے حوالے سے پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہو چکا ہے اوردوسرے مرحلے پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے -انہوںنے کہا کہ چنیوٹ کے معدنی ذخائر کے حوالے سے صوبائی وزیر قانون ، چیف سیکرٹری ، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات ، سیکرٹری امداد اللہ بوسال اور سیکرٹری معدنیات کی کاوشیں لائق تحسین ہیں -محکمہ معدنیات نے بہترین انداز میں کام کیا ہے اور شاندار مثال قائم کی ہے - اس طرح کی شاندار مثالیں حوصلہ بڑھاتی ہیں اور عزم کو تقویت دیتی ہیں - انہوںنے کہا کہ سیمنٹ پلانٹس سمیت کوئی صنعت نیگٹیو ایریا میں نہیں لگ سکے گی- ماضی میں سیمنٹ پلانٹس لگانے کی اجازت دے کر سالٹ مائنز کے علاقے کو تباہ کیا گیا- آئندہ نیگٹیو ایریاز میں کوئی سیمنٹ انڈسٹری نہیں لگ سکے گی- وزیر اعلی نے پازٹیو ایریا میں انڈسٹری لگانے کی اجازت کیلئے متعلقہ محکموں اور ماہرین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں کمیٹی آئندہ دو ہفتے میں ٹی او آر تیار کر کے پیش کرے گی-وزیراعلی نے ہدایت کی کہ غیر قانو نی توسیع والے سیمنٹ پلانٹس کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی کی جائی-انہوںنے کہا کہ مطلوبہ معیار پر پورا نہ اترنے والے سیمنٹ پلانٹس کو معیار پر پورا اترنا ہو گا-پنجاب کابینہ کے اجلاس میں لائیو سٹاک کے فروغ کے حوالے سے سیکرٹری لائیوسٹاک نسیم صادق کی کارکردگی کو سراہا گیا-صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی-

متعلقہ عنوان :