کراچی میں چینی باشندے کی ٹارگٹ کلنگ،پولیس نے اہم شواہد حاصل کرلیے

پولیس نے چینی باشندے کے موبائل فون کا ڈیٹا حاصل کرلیا جائے وقوعہ کی جیو فنسنگ بھی شروع کردی گئی، ذرائع

منگل 6 فروری 2018 22:42

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 فروری2018ء) زمزمہ پارک کے قریب قتل کئے گئے چینی باشندے کے موبائل فون کا ڈیٹا پولیس نے حاصل کرلیا جب کہ جائے وقوعہ کی جیو فنسنگ بھی شروع کردی گئی۔ذرائع کے مطابق کراچی کے پوش علاقے کلفٹن میں گزشتہ روزچینی شہری شین زوکے قتل کی تحقیقات کے لئے پولیس نے سرجوڑ لئے، پولیس نے جائے وقوع کی جیو فنسنگ بھی شروع کردی۔

جائے وقوعہ سے ملنے والے خول کی فرانزک رپورٹ کے مطابق نائن ایم ایم پستول اس سے پہلے کسی بھی جرم میں استعمال نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

پولیس ذرائع کے مطابق مقتول چینی باشندے شین زوکے موبائل فون اورواقعے میں محفوظ رہنے والے دوست کے موبائل فون کا ڈیٹا بھی حاصل کرلیا گیا، مقتول شین زو کی لاش سرد خانے میں رکھی ہے جسے قانونی کارروائی کے بعد چین بھیج دیا جائے گا۔

سی ٹی ڈی نے واقعے کا مقدمہ دہشت گردی ایکٹ کے تحت نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا ہے۔ سی ٹی ڈی پولیس دوست کا تفصیلی بیان ریکارڈ کرے گی۔ پولیس نے کہا کہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ ہے مگر اس کی نوعیت کا تعین باقی ہے، شام تک تمام صورت حال سامنے آجائے گی، فوٹیج سے لگتا ہے کہ انہیں کسی نے بلایا تھا واپس جانے کے لئے کارمیں بیٹھے تو ملزمان نے فائرنگ کردی۔