کراچی میں دکانداروں نے مہنگا دودھ بیچنے سے انکار کردیا

مہنگا دودھ سپلائی کرنے والے تھوک فروشوں اور ڈیری فامرز کے خلاف تحریری شکایات دودھ کی قیمت کی رسیدوں کے ساتھ کمشنر ہاؤس یا متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کے پاس جمع کرائی جائیں،انجمن دوکانداران

منگل 6 فروری 2018 22:41

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 فروری2018ء) کراچی میں دکانداروں نے مہنگا دودھ بیچنے سے انکار کردیا۔آل کراچی ملک ریٹیلرز ایسوسی ایشن نے شہر بھر کے خوردہ فروشوں کو مطلع کیا ہے کہ کمشنر ہاؤس میں2 فروری کو ہونے والے اجلاس میں دودھ کی موجودہ سرکاری قیمت کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تمام ریٹیلرز اس فیصلے کی پابندی کریں گے ہول سیلرز نے اضافی قیمت کا مطالبہ کیا تو کراچی کے تمام دکاندار21 جنوری سی7 فروری تک کے بندی کے نرخ کا حساب کرکے ادائیگی کریں گے۔

دوسری جانب 6 فروری کو ہول سیلرز اور ڈیری فارمرز کی جانب سے دودھ کی قیمت میں کسی قسم کے غیرقانونی اضافے کی صورت میں نرخ بڑھانے والے ڈیری فارمرز اور تھوک فروشوں سے دودھ کی سپلائی نہیں لی جائے گی ریٹیلرز کی انجمن نے دکانداروں پر زور دیا ہے کہ مہنگا دودھ سپلائی کرنے والے تھوک فروشوں اور ڈیری فامرز کے خلاف تحریری شکایات دودھ کی قیمت کی رسیدوں کے ساتھ کمشنر ہاؤس یا متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کے پاس جمع کرائی جائیں۔

(جاری ہے)

صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی انجمن کنزیومر رائٹس پروٹیکشن کونسل کے چیئرمین شکیل بیگ نے تمام صارفین سے اپیل کی ہے کہ ڈیری فارمرز اور ہول سیلرز کی جانب سی6 فروری کو دودھ کی قیمت بڑھائے جانے کی صورت میں تمام صارفین 3 روز تک دودھ کا بائیکاٹ کریں اور دودھ کی سپلائی محدود کردیں چائے بنانے اور بچوں کو پلانے کے لیے خشک دودھ استعمال کیا جائے تاکہ قیمت میں غیرقانونی اضافہ کرنے والے ڈیری فارمرز اور ہول سیلرز پر اخلاقی دباؤ ڈالاجاسکے۔

واضح رہے کہ ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن نی6 فروری کو دودھ کی قیمت میں غیرسرکاری اضافے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے ڈیری فارمرز کا مشاورتی اجلاس شام 4 بجے طلب کیا گیاہے۔ادھر ڈیری فارمرز کا موقف ہے کہ ہارمونز کے ٹیکوں کے استعمال پر پابندی کی وجہ سے دودھ کی پیداوار کم ہوگئی ہے ،ہارمونز کے عادی مویشیوں کی جگہ نئے مویشیوں کی خریداری کے لیے بھاری سرمایہ درکار ہے اس لیے دودھ کی موجودہ قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہے۔ڈیری فارمرز کے مطابق شہری انتظامیہ کی جانب سے ڈیری فارمرز کے خلاف کسی قسم کی کارروائی کی صورت میں جیل بھرو تحریک چلائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :