ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی کی زیرصدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی شماریات کا اجلاس

وزارت شماریات حکام کا حالیہ مردم شماری میں معذوروں ،تیسری جنس کی درست معلومات سامنے نہ آسکنے کا اعتراف اعداد وشمار کی تیاری قومی فریضہ سمجھ کر ادا کیا جائے، ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی

منگل 6 فروری 2018 20:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 فروری2018ء) چیئرمین قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے شماریات ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے کہا ہے کہ تیزی سے بدلتے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اعداد و شمار کی بروقت اور موثر انداز میں فراہمی یقینی بنائی جائے۔ تفصیلات کے مطابق قائمہ کمیٹی کا پہلا اجلاس وزارت شماریات میں منعقد ہوا جس میں سیکرٹری شماریات رخسانہ یاسمین اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام نے وزارت کی کارکردگی اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی، اس موقع پر چیئرمین ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے کہا کہ ہر شعبہ زندگی میں احسن کارکردگی دکھانے کا دارومدار درست اعداد و شمار کیا ستعمال پر ہے، انہوں نے کہا کہ زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی سی حیثیت رکھتی ہے، زرعی شعبے میں کم از کم پانچ سال کے عرصے میں اعداد و شمار اکٹھے کرنے پر غور کیا جائے۔

(جاری ہے)

قائمہ کمیٹی کو وزارت کی طرف سیآگاہ کیا گیا کہ ہر دس سال بعد مردم شماری کروانا آئینی ذمہ داری نہیں بلکہ دنیا کے دیگر ممالک میں مروجہ طریقہ کار کے مطابق ہے،اس حوالے سے ڈاکٹر رمیش کماروانکوانی نے تبصرہ کیا کہ مردم شماری کے انعقاد کو قومی فریضہ سمجھ کر ادا کرنا چاہیے اور اس سلسلے میں سپریم کورٹ کا سوموٹو نوٹس واضح ہدایات کا حامل ہے، انہوں نے مختلف شعبہ جات میں باقاعدگی سے سروے رپورٹس مرتب کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا، حالیہ چینی بحران کے حوالے سے ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے کہا کہ وزارت شماریات کو گنے و چینی کی پیداوار، کھپت، کارخانوں وغیرہ کے بارے میں رپورٹس تیار کرنی چاہیے تاکہ فیصلہ سازی میں مدد مل سکے۔

انہوں نے مختلف عالمی اور قومی دنوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ابھی کینسر کا عالمی دن گزرا ہے،وہ توقع کرتے ہیں کہ اگلی مرتبہ وزارت شماریات مختلف اداروں کے اشتراک سے پاکستان میں کینسر کے مریضوں اور علاج معالجے سے متعلقہ ڈیٹا فراہمی کی رپورٹ جاری کرے گی، ڈاکٹر رمیش کمار نے وزارت اور میڈیا کے مابین مضبوط تعاون پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ قومی اور عالمی سطح کے ہر اہم موقع پر وزارت شماریات کو میڈیا کے سامنے متعلقہ اعداد وشمار پیش کرکے قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، اس موقع پر وزارت شماریات کے حکام نے اعتراف کیا کہ حالیہ مردم شماری مہم میں معذوروں اور تیسری جنس کے بارے میں مکمل معلومات سامنے نہیں آسکی ہیں۔

قائمہ کمیٹی اجلاس میں ڈاکٹر شزرا منصب علی خان کھرل، رومینہ خورشید عالم، لال چند ملہی، ایس اے اقبال قادری سمیت وزارت کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔