دفاع پاکستان کونسل کا کشمیر کارواں میں عوام کی بھرپور شرکت پر اہالیان کراچی سے اظہار تشکر

منگل 6 فروری 2018 18:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 فروری2018ء) دفاع پاکستان کونسل کراچی کے ترجمان نے کشمیر کارواں میں عوام کے بھرپور شرکت پر اہالیان کراچی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارواں میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی شرکت سے ثابت ہوگیا کہ پاکستانی عوام کشمیر کے مسئلے پر مظلوم کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہیں۔ دفاع پاکستان کونسل کی اپیل پر ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی عشرہ یکجہتی کشمیر کے پروگرامات جاری رہیں گے۔

11 فروری تک شہر بھر میں کشمیر سیمینار، پروگرامات اور ریلیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ کشمیری پاکستان سے الحاق چاہتے ہیں، بھارت کشمیریوں کی خواہشات پر اثرانداز ہونے کی ناکام کوششیں کررہا ہے۔ انڈین فورسز ظلم کی تمام حدیں عبور کرنے کے باوجود کشمیریوں کو اپنے فیصلے سے دستبردار کرانے میں بری طرح ناکام ہے۔

(جاری ہے)

پاکستانی قوم کل بھی اہل کشمیر کے شانہ بشانہ کھڑی تھی، ان کے دل آج بھی کشمیریوں کے لیے دھڑکتے ہیں۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں کشمیر کارواں کا کامیاب انعقاد محض اللہ کی توفیق سے ممکن ہوا ہے۔ ہم دفاع پاکستان کونسل کے کشمیر کارواں میں شرکت پر تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں اور میڈیا کے بھرپور کوریج پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔