ڈاکٹر عاصم کیخلاف 462 ارب کرپشن ریفرنس کی سماعت گواہ کی عدم حاضری کے باعث 12 فروری تک ملتوی

نواز شریف آزاد کشمیر کے نہیں پوری دنیا کے وزیر اعظم بننا چاہتے ہیں ہمارے اور ملک کے ساتھ اچھا نہیں ہورہا ،سابق مشیر پٹرولیم کی میڈیا سے گفتگو

منگل 6 فروری 2018 17:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 فروری2018ء) کراچی کی احتساب عدالت نے ڈاکٹر عاصم کیخلاف 462 ارب کرپشن ریفرنس کی سماعت گواہ کی عدم حاضری کے باعث 12 فروری تک ملتوی کردی ہے ۔ڈاکٹر عاصم نے کہا ہے کہ سینٹ انتخابات پیپلزپارٹی ہی جیتے گی ایم کیو ایم میں ٹوٹ پھوٹ جاری ہے۔منگل کو کراچی کی احتساب عدالت میں ڈاکٹرعاصم سمیت دیگرملزمان پیش ہوئے نیب کے گواہ کی عدم حاضری پر وکیل صفائی کا کہنا تھا کہ نیب کی جانب سیالزامات بیبنیاد ہیں کیس میں تاخیری حربے استعمال کئے جارہے ہیں۔

نیب کے پراسیکیوٹر کی جانب سے عدالت سے مزید مہلت طلب کی گئی جس پر عدالت نے ریفرنس کی مزید سماعت بارہ فروری تک ملتوئی کردی۔ سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹرعاصم حسین نے کہا کہ نواز شریف آزاد کشمیر کے نہیں پوری دنیا کے وزیر اعظم بننا چاہتے ہیں ہمارے اور ملک کے ساتھ اچھا نہیں ہورہا جن لوگوں نے میرے ساتھ برا کیا میں انہیں بد دعا دی ہے اللہ انہیں نیست و نابود کرے گا ۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم کی صورتحال پرڈاکٹرعاصم نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتیں بنتی ہی ٹوٹنے کیلئے ہیں یہ تو سیاسی پارٹیوں میں چلتا رہتا ہے ایم کیو ایم میں اس سے بڑی ٹوٹ پھوٹ کیا ہوسکتی ہے۔ڈاکٹر عاصم نے کہا کہ فاروق ستار سے جلد ملاقات کروں گا ۔ا فاروق ستار کو تیس سال سے جانتا ہوں اور اب بھی ایم کیو ایم سے کئی لوگ پیلپز پارٹی میں آنا چاہتے ہیں۔