وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی کی زیرصدارت اجلاس،

قومی کتاب میلے کے انعقاد کی باضابطہ منظوری چار روزہ قومی کتاب میلہ 6 اپریل کو اسلام آباد میں شروع ہوگا، ملک بھر سے اشاعتی اداروں کے علاوہ چین، ایران، ترکی، مصر، تیونس، تاجکستان، آذربائیجان اور عمان بھی حصہ لیں گے کتاب میلہ نیشنل بک فائونڈیشن کی روشن روایت، اس میں 120 سے زائد سٹالز کی گنجائش رکھی جائے گی وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی کا اجلاس سے خطاب

منگل 6 فروری 2018 16:12

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 فروری2018ء) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ عرفان صدیقی کی زیرصدارت اجلاس میں ’قومی کتاب میلے‘ کے انعقاد کی باضابطہ منظوری دے دی گئی۔ چار روزہ قومی کتاب میلہ چھ اپریل کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شروع ہوگا جس میں ملک بھرسے اشاعتی اداروں کے علاوہ چین، ایران، ترکی، مصر، تیونس، تاجکستان، آذربائیجان اور عمان بھی حصہ لیں گے۔

منگل کو قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن میں منعقدہ خصوصی اجلاس میں میلے کے انعقاد کے لیے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔ عرفان صدیقی نے کہاکہ کتاب کا فروغ معاشرے میں امن، بھائی چارے اور انسانی اقدار کے فروغ کا سب سے مؤثر ذریعہ ہے۔ کتاب میلہ نیشنل بک فائونڈیشن کی ایک روشن روایت ہے جو اس سال بھی نئی آب وتاب کے ساتھ آگے بڑھائی جائے گی۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ 6 سے 9 اپریل تک پاک چائنا سینٹر میں منعقدہ قومی کتاب میلے میں 120 سے زائد سٹالز کی گنجائش رکھی جائے گی۔ ملک بھر کے نامور اشاعتی اداروں کے ساتھ ساتھ کئی دوست ممالک بھی اس میلے میں شرکت کریں گے جن میں چین، ایران، ترکی، مصر، تیونس، تاجکستان، آذربائیجان اور عمان شامل ہیں۔ عرفان صدیقی نے توقع ظاہر کی کہ ہمیشہ کی طرح اس سال بھی اسلام آباد اور گردونواح کے لوگ کتاب میلے میں بھرپور شرکت کریں گے۔

چار روزہ میلے کے دوران علمی وادبی تقریبات، کتابوں کی رونمائی، مباحثے، سیمینارز اور بچوں کے لئے خصوصی پروگرام بھی منعقد ہوں گے۔ اجلاس کے دوران نیشنل بک فائونڈیشن کے ایم ڈی ڈاکٹر انعام الحق جاوید نے انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے عرفان صدیقی کوبتایا کہ گزشتہ سال تین دنوں میں تقریبا چار لاکھ افراد نے میلے میں شرکت کی اور اور دو کروڑ روپے کے لگ بھگ کتابیں فروخت ہوئیں۔

عرفان صدیقی نے ہدایت کی کہ میلے میں شرکت کرنے والے افرادخاص طورپر خواتین اور بچوں کے لئے خصوصی انتظامات کیے جائیں۔ میلے سے متعلق معاملات کی نگرانی کے لئے متعدد کمیٹیاںبھی قائم کردی گئی ہیں۔ اجلاس میں وفاقی سیکریٹری قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن انجینئر عامر حسن کے علاوہ وزارت اورنیشنل بٴْک فائونڈیشن کے دیگر افسران شریک تھے۔