راولاکوٹ میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ضلع یونچھ کی مساجد میں خصوصی دعائیں، ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی

پیر 5 فروری 2018 23:40

راولاکوٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 فروری2018ء) پونچھ ڈویژن ھیڈ کوارٹر راولاکوٹ میں یوم یکجہتی کشمیر اس عہد کی تجدید کے ساتھ منایا گیا کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور استحکام پاکستان کیلئے جدوجہد جاری رکھی جائے گی اس سلسلہ میں ضلع یونچھ میں بڑی بڑی مساجد میں خصوصی دعائیں کی گئی 9بجکر 58منٹ پر سائرن بجایا گیا اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ایک بڑی تقریب سرکٹ ہائوس راولاکوٹ میں منعقد ہوئی جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر پونچھ راجہ طاہر ممتاز نے کی جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض اسسٹنٹ کمشنر راولاکوٹ سید ممتاز کاظمی نے انجام دیئے جبکہ ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسرظاہر خان ، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر جاوید صادق ، صدر غازی ملت پریس کلب سردار عبدالرزاق خان ، ڈی ای او نسواں محترمہ ریحانہ شاہ محمد ، لبریشن سیل کے نجیب الغفور ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر شہری دفاع پرویز اقبال، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر پونچھ سعداللہ خان اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر پونچھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کا دن تجدید عہد کا دن ہے ہم مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور استحکام پاکستان کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور ہم اس وقت تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے جب تک پورا کشمیر آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ نہیں بن جاتا اور ہم اپنے مظلوم بھائیوں کو آزادی دلوا کر رہیں گے۔