کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پوری دنیا پر عیاں ہوچکے ہیں، راحیلہ درانی

بہت جلد آزادی کی کرن کشمیری مسلمانوں کے دروازے پر دستک دے گی ،کشمیر صرف کشمیریوں کا نہیں بلکہ ہم سب کاہے حق خود ارادیت اور آزادی کیلئے کشمیریوں نے بے نظیر قربانیاں دی ہے ان کی تکالیف کا انداز اور قدر ہم سب کو ہے ، یوم کشمیر کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کشمیری ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تقریب میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی

پیر 5 فروری 2018 23:23

"کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 فروری2018ء) اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمیددرانی نے کہاہے کہ کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پوری دنیا پر عیاں ہوچکے ہیں امید ہے کہ بہت جلد آزادی کی کرن کشمیری مسلمانوں کے دروازے پر دستک دے گی ،کشمیر صرف کشمیریوں کا نہیں بلکہ ہم سب کاہے حق خود ارادیت اور آزادی کیلئے کشمیریوں نے بے نظیر قربانیاں دی ہے ان کی تکالیف کا انداز اور قدر ہم سب کو ہے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز یوتھ فورم فار کشمیر (وائی ایف کے ) اور میلنیم مال کے تعاون سے 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے کوئٹہ کے مقامی مال میں منعقد ہ یوم یکجہتی کشمیر پروگرام کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں سردارزادہ میر عمیر محمدحسنی ،ہیومین رائٹس کمیشن کے ڈائریکٹر سید نصیر شاہ ،چائلڈ رائٹس موومنٹ کے بہرام بلوچ ،سول سوسائٹی کے رہنمائوں ،پروفیسرز ،طلباء وطالبات سمیت خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جبکہ کشمیری ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی جس کے بعد یوتھ فورم فار کشمیر کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر حبیب الرحمن نے 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر اور وائی ایف کے کے حوالے سے تقریب کے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی ۔ اس موقع پرشرکاء کو ویڈیو ڈاکومنٹریز دکھائی گئی جس میں کشمیر کے حالات اور وہاں کے لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی پیغامات دکھائے گئے ۔

تقریب میں صوبے سے تعلق رکھنے والے پیشہ ورانہ مقررین نے مذکورہ دن کے حوالے سے تقاریر کئے اور شرکاء کو کشمیر میں جاری مظالم اور اس پر عالمی دنیا کے کردار سے متعلق آگاہی فراہم کی ۔ اس موقع پر صوبے سے تعلق رکھنے والے نامور گلوکاروں نے اپنے گانے کے ذریعے معصوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ۔ نیو ہزارہ ماسٹر بینڈ نے یوم کشمیر کے موقع پر کشمیری شہداء کو بینڈ کے ذریعے سلامی پیش کی ۔

تقریب میں ریئر اکیڈمی اور دیگر کے بچوں نے کلچرل شوز پیش کئے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمیددرانی نے کہا کہ کشمیری روز اول سے قربانیاں دے رہے ہیں وہ جس تکلیف سے گزررہاہے اس کا انداز نہیں لگایاجاسکتا آزادی کی قدر کوئی کشمیر کے لوگوں سے پوچھیں ،انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کے متعلق مجھ سمیت پاکستان کا ہر شہری بخوبی جانتاہے 1947ء سے پہلے ہم پر کیا کیا مظالم ہوئے تاریخ اس بات کی گواہ ہے ،مجھے امید ہے کہ ایک دن آزادی کی کرن ان کے دروازے پر ضرور دستک دے گی ،انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کے کشمیر کے مسئلے پر کردار سے متعلق ابہام پایاجارہاہے اور یہ تاثر دیاجارہاہے کہ وہاں ہماری آواز کو صحیح انداز میں نہیں سنا جاتا ،مسئلہ کشمیر صرف کشمیریوں کا نہیں بلکہ ہم سب کا ہے ،پاکستان ٹیلی ویژن کے سینئر ادا کار ،کمپیئراور ڈرامہ نگارامان اللہ ناصر نے کہاکہ 5فروری اہمیت کا حامل دن ہے ،وقت بدل چکاہے اب تعلیم عام ہے ،آج کل جنگ بندوق سے نہیں کی جاتی اور نہ ہی بندوق یا گولی سے کسی کو تاحیات غلام بنایاجاسکتاہے ،نوجوان جس قوم کو لیڈ کرناشروع کرے وہ کامیابی حاصل کرکے ہی دم لیتے ہیں ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ پاکستانی قوم مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور آزادی تحریک کی اس جدوجہد کی بھر پور حمایت اور ان مظلوم کشمیری عوام کو سلام پیش کرتی ہے ۔

مقررین نے کہا کہ 1946میں قائد اعظم نے مسلم کانفرنس کی دعوت پر سرینگر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سیاسی ، دفاعی ، اقتصادی اور جغرافیائی حقائق کو سامنے رکھتے ہوئے کشمیر کو پاکستان کا شہ رگ قرار دیا جبکہ مسلم کانفرنس نے بھی کشمیری مسلمانوں کی نمائندگی کرتے ہوئی19جولائی 1947 کو سرینگر میں باقاعدہ طور پر قرار داد الحاق پاکستان منظور کی مگر بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی انتہاء کردی ہے تاہم عالمی برادری اور مسلم حکمرانوں کی اس پر مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔

کشمیر میں جب تک ایک بھی کشمیری زندی ہے وہ کشمیر کی آزادی کی جنگ لڑتا رہے گا۔ مقررین نے کہا کہ بھارت کشمیر میں مسلسل قتل عام کررہا ہے کشمیر کی بیٹیوں کی عزتیں محفوظ نہیں ہیں ۔ مقررین نے بھارت پر واضح کردیا کہ مسئلہ کشمیر کا واحد اور پائیدار حل صرف اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق رائے شماری سے ہوسکتا ہے جو اقوام متحدہ کی نگرانی میں ہونی چاہیے ۔

بھارت کشمیریوں کو زیادہ عرصہ تک طاقت کے ذریعے غلام بنا کر نہیں رکھ سکتے کیونکہ جب کوئی قوم آزادی کے حصول کے لئے کمربستہ ہوجائے تو دنیا کی کوئی طاقت اسے زیادہ دیر تک غلام بنا کر نہیں رکھ سکتی ۔ مقررین نے کہا کہ 5 فروری کو سرکاری طور پر یوم یکجہتی کا منایا جانا نہ صرف احسن اقدام ہے بلکہ اس سے کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو تقویت ملے گی ۔

مقبوضہ کشمیر میں کشمیر تمام تر ظلم و جبر کے باوجود پاکستانی پرچم بلند کررہے ہیں ۔ تقریب میں میلینیم مال اور بلوچستان وومن بزنس ایسوسی ایشن کی تعاون سے کشمیری کلچرل سٹال کے علاوہ پشتون ، بلوچی ، پنجابی ، سندھی کلچرل اور بک سٹالز لگائے گئے تھے جس میں ان کی ثقافت سے متعلق مختلف اشیاء رکھی گئی تھی ۔ تقریب کے شرکاء نے وقفے وقفے سے مذکورہ سٹالز کا معائنہ کرتے رہے ۔ تقریب کے آخر میں مختلف شعبوں میں بہترین کارکردگی دکھانے والے طلباء و طالبات اور مہمانوں میں خصوصی شیلڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے گئے ۔

متعلقہ عنوان :