کراچی میں یوم یکجہتی کشمیر انتہائی جوش و جذبہ کے ساتھ منایا گیا

سیاسی، سماجی اور مذہبی جماعتوں کی جانب سے سیمینار، کانفرنسز اور ریلیوں کا اہتمام

پیر 5 فروری 2018 23:22

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 فروری2018ء) ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی یوم کشمیر انتہائی جوش و جذبہ کے ساتھ منایا گیا۔ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کے لئے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات سمیت سیاسی، سماجی اور مذہبی جماعتوں نے سیمینار، کانفرنسز اور ریلیوں کا اہتمام کیا گیا۔

حکومتی سطح پر ہمیشہ کی طرح امسال بھی ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن کے زیراہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے تقریب منعقد کی گئی۔ پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پیپلز سیکریٹریٹ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر شہداء گیلری میں شہدائے کشمیر اور پیپلز پارٹی کے شہدائوں کیلئے قرآن خوانی وفاتحہ خوانی بھی کی گئی اور پیپلز سیکریٹریٹ پر کشمیر کا جھنڈا سرنگوں کیا گیا جس میں پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی، نائب صدر راشد حسین ربانی، کراچی ڈویژن کے صدر ایم پی اے سعید غنی، جنرل سیکریٹری ایم پی اے جاوید ناگوری، سیکریٹری اطلاعات ایم پی اے شہلا رضا، ایم این اے شاہدہ رحمانی سمیت دیگر عہدیداران، کارکنان اور کشمیر ونگ کے رہنمائوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے کہا کہ کشمیر کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھے گے اور جدوجہد جاری رکھیں گے، کشمیری عوام پر بھارت کی جانب سے کئے جانے والے مظالم پر عالمی فورم کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے، 70سالوں سے کشمیر کا مسئلہ زیر التوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکاری نے جس طرح ظلم و بربریت کی مثال قائم کی وہ کہی نہیں ملتی۔

سندھ کے نائب صدر راشد حسین ربانی نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کیلئے ہزار سال تک بھی لڑ سکتے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کراچی ڈویژن کے صدر ایم پی اے سعید غنی کا کہنا تھا کہ ہم خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کشمیری نوجوانوں، مائوں بہنوں کو جنہوں نے کشمیر کی آزادی کیلئے دیدہ دلیری سے مقابلہ کیا اور جام شہادت نوش فرمائے اوران لوگوں کو بھی جنہوں نے 70سالوں سے اس جدوجہد کو جاری رکھا ہوا ہے۔

اس موقع پر کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری ایم پی اے جاوید ناگوری، شہلا رضا، شاہدہ رحمانی، قاضی بشیر ودیگر نے بھی خطاب کیا۔امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر ملک گیر یوم ِ یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں جیل چورنگی تا مزارِ قائد ’’یکجہتی کشمیر ریلی‘‘ نکالی گئی۔ ریلی سے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسد اللہ بھٹو، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن و دیگر خطاب کیا۔

جماعت اسلامی حلقہ خواتین دردانہ صدیقی نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے،کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں۔جب تک مسئلہ کشمیر حق و انصاف اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں ہو گا اس وقت تک جنوبی ایشیا میں امن کے قیام کی توقع رکھنا نادانی ہے۔ یوم کشمیر کے موقع پر ضلع شرقی و بلدیہ شرقی کی طرف سے ڈی سی ایسٹ کے دفتر سے سوک سینٹر تک یوم یکجہتی کشمیر کا واک کا اہتمام کیا گیا۔

واک کی قیادت ڈپٹی کمشنر ایسٹ افضل زیدی نے کی۔ اس موقع پر بلدیہ اعظمی کے نمائندے ، بلدیہ شرقی کے افسران اور اسکولوں کے طالب علموں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ایسٹ افضل زیدی کہا کہ کشمیر ہماری رگوں میں بستا ہے اور ہر پاکستانی کی خواہش ہے کہ کشمیر پاکستان کا حصہ بنے اور کشمیریوں کو انکی امنگوں کے مطابق انکا حق ملنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کی پُر امن جدوجہد یو این او کی قرادادوں کی روشنی میں حل کیا جائے۔اس موقع پر وائس چئیرمین بلدیہ شرقی عبدالرف خان نے بھی خطاب کیا۔وفاقی، صوبائی ، ضلعی اور تحصیل سطح پر مختلف پروگرام منعقد کئے گئے۔ خادمین ملت پاکستان کے زیر اہتمام ایک تقریب منعقدکی گئی جس میں کشمیر کی آزادی کے لئے خصوصی دعا کروائی گئی۔

متعلقہ عنوان :