آزادی کشمیریوں کا حق ہے اور بھارت کی طرف سے ان کے ساتھ ڈھائے جانے والے ظلم وستم کا درد ہرپاکستانی محسوس کرتا ہے ،

کشمیر کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ، عالمی طاقتیں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بھارتی فوج کے ظلم و استبداد کا سختی سے نوٹس لیں ،آصف علی زرداری کرپشن کا بے تاج بادشاہ ہے جس نے سینیٹ کے انتخابات کے لیے ہارس ٹریڈنگ شروع کردی ہے، نیب کو ان کی کرپشن کا نوٹس لے کر احتساب کرنا چاہئے ‘ وزیر مملکت توانائی چوہدری عابد شیر علی کی میڈیا سے گفتگو

پیر 5 فروری 2018 22:29

آزادی کشمیریوں کا حق ہے اور بھارت کی طرف سے ان کے ساتھ ڈھائے جانے والے ..
فیصل آباد ۔05فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 فروری2018ء) ضلعی انتظامیہ اور فیصل آباد آرٹ کونسل کے اشتراک سے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے تین روزہ تصویری نمائش کا افتتاح وزیر مملکت چوہدری عابد شیر علی اورڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے کیا۔اس موقع پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز میاں آفتاب احمد ‘ ڈائریکٹر آرٹ کونسل صوفیہ بیدار‘کیئر ٹیکر اقبال سٹیڈیم نوید نذیر کے علاوہ سول سوسائٹی کے افراد بڑی تعداد میں موجود تھے۔

نصرت فتح علی خاں آڈیٹوریم کی گیلری میں منعقدہ نمائش میں بھارتی فوج کی مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ظلم وستم پر مبنی تصاویر بڑی تعداد میں رکھی گئی ہیں۔وزیر مملکت نے نمائش میں رکھی گئی تصاویر کو دیکھتے ہوئے جذباتی انداز میں کہاکہ آزادی کشمیریوں کا حق ہے اور بھارت کی طرف سے ان کے ساتھ ڈھائے جانے والے ظلم وستم کا درد ہرپاکستانی محسوس کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کشمیری بھائیوں کی سفارتی واخلاقی امداد جاری رکھیں گے اور انہیں حق خودارادیت ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ قائد پاکستان مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستانی عوام کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں اور یوم کشمیر کے موقع پر پوری پاکستانی قوم کی طرف سے اس عزم و عہد کی تجدید کی جارہی ہے کہ کشمیر کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی طاقتیں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بھارتی فوج کے ظلم و استبداد کا سختی سے نوٹس لیں اور کشمیریوں کی آزادی کے لئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کرائیں ۔انہوں نے آزادی کی قدر ونعمت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کا خون ضرور رنگ لائے گا اورانہیں فتح نصیب ہوگی۔انہوں نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور بھارتی مظالم سے آگاہی کے لئے تصویری نمائش کو سراہتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور نئی نسل کو مسئلہ کشمیر سے بخوبی آگاہ ہونا چاہیے۔

ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے کہا کہ یوم کشمیر کے موقع پر تمام پاکستانی قوم اپنے عزم کو دہرارہی ہے کہ کشمیری بھائیوں کی اخلاقی و سفارتی امداد جاری رکھی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو ان کی مرضی کے مطابق حق خود ارادیت دیا جائے تاکہ وہ آزادانہ طور پراپنی قسمت کا خود فیصلہ کر سکیں ۔انہوںنے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر متعدد پروگرامز ترتیب دئیے اور تصویری نمائش کا انعقاد بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے تاکہ پوری دنیا کو یہ واضح پیغام دیا جا سکے کہ ہر پاکستانی کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے۔

ڈائریکٹر آرٹ کونسل صوفیہ بیدار نے بتایا کہ نئی نسل کی آگاہی کے لئے بھارتی مظالم کی منظر کشی پرمبنی تصویری نمائش 7 فروری تک جاری رہے گی۔انہوں نے افتتاح کرنے پروزیر مملکت چوہدری عابد شیر علی‘ڈپٹی کمشنر سلمان غنی اور دیگر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔دریں اثناء میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرمملکت نے کہا کہ آصف علی زرداری کرپشن کا بے تاج بادشاہ اور علی بابا چالیس چوروں کا سردار ہے جس نے پاکستان کو 35ہاتھوں سے لوٹا اسی رقم سے سینیٹ کے انتخابات کے لیے ہارس ٹریڈنگ شروع کردی ہے نیب کو ان کی کرپشن کا نوٹس لے کر احتساب کرنا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے کبھی اداروں کے خلاف بات نہیں کی ۔عدلیہ کا احترام کرتے ہوئے فیصلہ قبول کیا ہے ۔الیکشن آنے والے ہیں فیصلہ عوام نے کرنا ہے وہ ہی اللہ کے فضل و کرم سے نواز شریف کے حق میں فیصلہ دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کے پی کے حکومت کا ہیلی کاپٹر استعمال کرکے قومی خزانہ سمیت کے پی کے حکومت کو کرڑوں روپے کا نقصان پہنچایا ہے عمران خان کا بھی احتساب کیا جائے گا اور وزیراعلی ٰ کے پی کے کو بھی انصاف کے کٹہرے میں لاتے ہوئے پوچھا جائے کہ انہوں نے کس حیثیت میںان کو سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کی اجازت دی ۔

پیر حمیدالدین سیالوی کے احتجاج کے اعلان سے متعلق ایک صحافی کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ ان کا بے حد احترام کرتے ہیں جبکہ ان کی شہباز شریف سے ون ٹو ون ملاقات ہوچکی اور رانا ثنااللہ ان کی کمیٹی کے سامنے پیش ہوچکے ہیںاورامید ہے کہ یہ مسئلہ جلد حل ہوجائے گا اور ان کے مطالبات پورے کر دیئے جائیں گے تاہم جلسے جلوس ان کا حق ہے جسے روکا نہ جا سکتا ہے تاہم معاملات خوش اسلوبی سے حل کرلیے جائیں گے ۔