پاکستان مسلم لیگ)ن) نعروں کی بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے ،گورنرپنجاب

پیر 5 فروری 2018 22:29

پاکستان مسلم لیگ)ن) نعروں کی بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے ،گورنرپنجاب
ملتان ۔05فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 فروری2018ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ)ن) خالی نعروں کی بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے‘عوام کے مسائل کا فوری حل موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ یہ بات انہوں نے سرکٹ ہائوس ملتان میں مختلف وفود سے ملاقاتیں کرتے اور لوگوں کے انفرادی مسائل سن کر ان کے حل کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پر ملک آصف رفیق رجوانہ ، اعجاز رجوانہ ،عمر فاروق بھٹی، ناصر کمبوہ ،حفیظ جوئیہ ،ملک شفیق تلوڈہ،محمد فہیم کھوربھی موجود تھے۔گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ زیادہ تر لوگ سر کاری ملازمتوں کے حصول کیلئے رجوع کرتے ہیں پنجاب حکومت نے میرٹ کی پالیسی کو فروغ دیا ہے اور بھرتیاں میرٹ پر کی جارہی ہیں تاکہ با صلاحیت افراد کی حق تلفی نہ ہو ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سر کاری شعبہ میں ملازمتیں محدود ہو تی ہیں،حکومت نے امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنا کر ملکی اور غیر ملکی سر مایہ کاروں کو مختلف منصوبوں میں سر مایہ کاری کی دعوت دی جس کے نتیجہ میں ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں نمایاں بہتری آئی اور ترقی کی شرح میں اضافہ ہوا نئے منصو بوں سے ملازمتوں کے مواقع نکلے جن پر مزدور سے لے کر انجینئر اور دیگر ہنر یافتہ و تعلیم یافتہ افراد کو ملازمتیں ملیں اور بے روز گاری کی شرح کم ہوئی ۔

گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ ملک میں سیاسی استحکام ترقی کی ضمانت ہے مسلم لیگ کی حکومت کو جن غیر ضروری مسائل میں الجھا کر سیاسی عدم استحکام پیدا کر نے کی کوشش کی گئی اس سے ملکی ترقی اور عوام کی خوشحالی متاثر ہوئی ،لیکن اس کے باوجود مسلم لیگ کی حکومت بجلی کے بحران پر قابو پانے میں کامیاب رہی صنعتوں کا پہیہ چلنے سے بے رو گاری کے عوامل کا خاتمہ ہوا ۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ صحت اور تعلیم کے شعبہ میں خاطر خواہ سہولیات فراہم کی گئیں ضلعی ہیڈ کوارٹرز اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں سمیت دیہی اور بنیادی مراکز صحت کو بھی جدید سہولیات سے آراستہ کر کے عوام کے لئے مفید بنا یا گیا ۔تعلیمی اداروںمیں کمپیوٹر لیب قائم کی گئیں اساتذہ کی میرٹ پر بھرتی سے کمی دور کی گئی مواصلات کے شعبہ میں نئی سڑکوں کی تعمیر سے بہترین سفری سہولتیں دی گئیں لوگوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے بلدیاتی اداروں کو فعال بنا یا جا رہا ہے ملاقات کر نے والوںمیں سابق ناظمین عمر فاروق خان بابر ،ملک نذیر کالرو ،مسلم لیگی راہنما رانا شاہد الحسن ،خالد فرید قریشی ،مطیع الحسن بخاری اور دیگر شامل تھے ۔

گورنر پنجاب اپنا تین روزہ دورہ مکمل کر کے لاہور روانہ ہو گئے۔

متعلقہ عنوان :