تحریک آزادی کشمیر کی شمع کشمیری اور پاکستانی عوام کے دلوں میں یکساں طور پر روشن ہے، بھارت کو ہر شہید کشمیری کے خون کا حساب دینا ہو گا،

مسئلہ کشمیر کے حل تک خطے میں قیام امن خواب رہے گا‘ پاکستان، مظلوم کشمیریوں کو انصاف کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے وزیر دفاع خرم دستیگر خان کا یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ایوان صدر میں منعقدہ سیمینار سے خطاب

پیر 5 فروری 2018 22:26

تحریک آزادی کشمیر کی شمع کشمیری اور پاکستانی عوام کے دلوں میں یکساں ..
اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 فروری2018ء) وزیر دفاع خرم دستیگر خان نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر کی شمع کشمیری اور پاکستانی عوام کے دلوں میں یکساں طور پر روشن ہے، بھارت کو ہر شہید کشمیری کے خون کا حساب دینا ہو گا،مسئلہ کشمیر کے حل تک خطے میں قیام امن خواب رہے گا‘ پاکستان، مظلوم کشمیریوں کو انصاف کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے۔

وہ پیر کو یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ایوان صدر میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے جس سے صدر مملکت ممنون حسین نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے کلیدی خطاب کیا۔ تقریب میں صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان‘ پارلیمان کی خصوصی کمیٹی برائے کشمیر کے سربراہ مولانا فضل الرحمان‘ وفاقی کابینہ کے ارکان‘ اراکین پارلیمنٹ‘ سفارتکاروں اور اعلیٰ عسکری و سول حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیر دفاع نے کہا کہ کشمیری عوام بھارتی قابض فوج کے تاریخ کے بدترین ظلم و بربریت کا شکار ہیں۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سیکورٹی فورسز بے گناہ کشمیریوں پر بے پناہ مظالم ڈھا رہی ہے جو اپنے پیدائشی حق خودارادیت کے حصول کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج انسانی حقوق کی پامالی کر رہی ہے‘ بھارتی فورسز انسانیت کے قتل عام، اجتماعی قبروں جیسے سفاکانہ جرائم میں ملوث ہیں، عالمی برادری مقبوضہ وادی میں قابض بھارتی افواج کے جرائم کا نوٹس لے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں فوجی کالونیاں قائم کرکے آبادی کی ہیت تبدیل کرنا چاہتا ہے بھارتی صنعتکاروں کو اراضی دینا، کشمیری عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالنا ہے۔ خرم دستگیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کا نقشہ اور آبادی کی ہیت کی تبدیلی کی بھارتی مکروہ کوششیں ناقابل قبول ہیں۔ انہوںنے کہا کہ فوج اپنوں کا تحفظ کرتی ہے جبکہ بھارت جیسی قابض فوج ظلم و ستم کو روا رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 10 لاکھ سے زیادہ فوجی و نیم فوجی دستوں کے جرائم تحقیقات کے متقاضی ہیں۔ وزیر دفاع نے کہا کہ بھارت کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر اشتعال انگیزکارروائیوں کے ذریعے دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر سے ہٹانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے نتیجے میں معصوم شہری شہید ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ بھارتی فورسز کو منہ توڑ جواب دیا۔

وزیر دفاع خرم دستگیر خان نے کہا کہ بھارت سن لے، پاکستان کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ بھارت کے اشتعال کے باوجود تاحال جواب دینے کا حق محفوظ رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج نے پاکستان کے ایک ایک انچ کا دفاع کرنے کا پختہ عزم کر رکھا ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ حق خودارادیت کی جدوجہد میں کشمیری بھائیوں کیساتھ کھڑے ہیں۔

بھارت کا قبضہ نہ کشمیریوں کو قبول ہے نہ پاکستان کو۔ وزیر دفاع خرم دستگیر خان نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد کو دہشتگردی کا رنگ دینے کی بھارتی سازش ناکام ہو گی۔ وزیر دفاع نے کہا کہ یہ مسئلہ خطہ کشمیر یا دفاع کا نہیں بلکہ معاملہ بنیادی حق آزادی کا ہے۔مسئلہ کشمیر کے حل تک خطے میں قیام امن خواب رہے گا۔ پاکستان، مظلوم کشمیریوں کو انصاف کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ خطے کا امن مسئلہ کشمیر کے حل سے جڑا ہوا ہے۔ خرم دستگیر نے کشمیر کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام آزادی کا مقدمہ اپنے خون سے رقم کر رہے ہیں‘ ہمارا فرض ہے کہ خون سے لکھے جانے والے آزادی کے اس مقدمے کی پرزور حمایت کرتے رہیں۔