Live Updates

نیب اگر پنجاب میں کی گئی کارروائیوں کا چوتھائی حصہ بھی سندھ میں کرتی تو ڈاکٹر عاصم، شرجیل میمن سمیت دیگر رہنما جیلوں میں چکیاں پیستے، عارف علوی

مال کمانے والے پیپلز پارٹی میں شمولیت کررہے ہیں ، ملک و قوم کی خدمت کرنے والے تحریک انصاف کا حصہ بن رہے ہیں، تقریب سے خطاب

پیر 5 فروری 2018 22:23

نیب اگر پنجاب میں کی گئی کارروائیوں کا چوتھائی حصہ بھی سندھ میں کرتی ..
نوکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 فروری2018ء) نیب نے جو کاروائیاں پنجاب میں کی ہیں اگر اس کا چوتھا ئی حصہ بھی سندھ میں کرتی تو آج ڈاکٹر عاصم ،شرجیل انعام میمن سمیت دیگر پی پی پی کے اہم رہنماء جیلوں میں چکیاں پیس رہے ہوتے ، مال کمانے والے پیپلز پارٹی میں شمولیت کررہے ہیں ، ملک و قوم کی خدمت کرنے والے تحریک انصاف کا حصہ بن رہے ہیں ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے جھڈو میںپی ٹی آئی کے میرپورخاص ڈویژن کے رہنماء بابو شوکت قائم خانی کی رہائشگاہ پر میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پراظہار الحسن قادری ، میڈم نصرت واحد ، ڈویژنل صدر اکبر پلی ، جان شیرجونیجو ، حمید راجپوت رشید قائم خانی سمیت دیگر رہنماء بھی موجود تھے ، اس موقع پر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان کو میاں نواز شریف نے یرغمال بنا کرلوٹااو ر اسے تباہ کرنے کی ایک منظم سازش کی لیکن عمران خان نے نواز شریف کی تمام سازشوں کو ناکام بنا دیا اور آج ان کی یہ حالت ہے کہ جو ملک کو برباد کرنا چاہتے تھے آج ان کی خود کی پارٹی دھڑوں میں تقسیم ہوچکی ہے ، عارف علوی نے کہا کہ زرداری نے سندھ کو تباہ کردیا ہے ،پیپلز پارٹی اب تنظیم نہیں رہی بلکہ کرپٹ لوگوں کا ایک گروپ بن چکی ہے ، مال کمانے والے پیپلز پارٹی میں شامل ہورہے ہیں ملک وقوم کی خدمت کرنے والے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کررہے ہیں ، ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ سینٹ کے الیکشن میں پی ٹی آئی کا ملکی مفادات کی خاطر کام کرنے والوں کے ساتھ رابطے جارہی ہیں انشاء اللہ سینٹ میں بھرپور کامیابی حاصل کرینگے ،ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ آنے والے دور میں پی ٹی آئی بھرپور انداز میں کامیاب ہوگی اور سندھ کی سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھرے گی ، اس موقع پر ڈویژن میرپور خاص میں تنظیمی اختلافات کے متعلق ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بڑی بڑی پارٹیوںمیں چھوٹے موٹے اختلافات کا ہونا کوئی بڑی بات نہیں تمام مسائل کو سلجھانے آیا ہوں ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات