تعلیم کافروغ اور مہلک امراض کا خاتمہ اولین ترجیحات ہے ، گورنر سندھ

پیر 5 فروری 2018 22:16

تعلیم کافروغ اور مہلک امراض کا خاتمہ اولین ترجیحات ہے ، گورنر سندھ
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 فروری2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ قوم کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے اور معاشرہ سے موذی امراض کے خاتمہ کے لئے حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات بروئے کار لارہی ہے اس ضمن میں نجی ادارے بھی فعال کردار ادا کررہے ہیں، پاکستان میں جب کبھی انسداد پولیو کی بات ہوگی تو اس میں روٹری کلب کا نام ضرور شامل ہوگا، روٹری کلب مہلک بیماریوں کے انسداد اور تعلیم کے فروغ کے لئے اہم خدمات انجام دینے والا سرفہرست ادارہ ہے۔

پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے روٹری پاکستان خواندگی مشن کے زیر اہتمام فنڈ جمع کرنے کی تقریب سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر روٹری کلب خواندگی مشن 3271 کے چیئرمین محمد فیض قدوائی، فنڈ ریزنگ کمیٹی کے چیئر مین انیس یونس، روٹری پاکستان خواندگی مشن 3271 کے وائس چیئرمین محمد اقبال قریشی، روٹری کلب خواندگی مشن 3272 کے ڈسٹرکٹ چیئر سعید شمسی، روٹری کلب خواندگی مشن 3271 کے ڈسٹرکٹ گورنر اویس احمد کوہاری، روٹری کلب خواندگی مشن 3272 کے ڈسٹرکٹ گورنر فیض قمر سمیت دیگر افراد بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ روٹری انٹرنیشنل ایک زبردست آرگنائزیشن ہے جو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اپنی خدمات انجام دے رہی ہے اس ضمن میں اس کے ممبران بھی پر عزم ہیں، روٹری کی اولین ترجیح انسداد پولیو ہے اور تعلیم کا فروغ ہے پاکستان میں پولیو کے خاتمہ کی جب بھی تاریخ لکھی جائے گی تو اس میں روٹری کلب کا نام بھی شامل ہوگا، روٹری اور اس کی قیادت باالخصوص عزیز میمن پاکستان میں مہلک بیماریوں کے خاتمہ میں بھرپور تعاون فراہم کررہے ہیں، مجھے قوی امید ہے کہ بہت جلد ہم سب سنیں گے کہ پاکستان سے پولیو کا خاتمہ کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ روٹری کی ترجیحات میں تعلیم ہے اسلام بھی تعلیم حاصل کرنے کو فوقیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روٹری کلب نے سرکاری اسکولز گود لے کر ان کے انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی کے ذریعہ اسے بے مثال بنا رہے ہیں دنیا بھر میں روٹری کلب ہزاروں مہنگی کتابیں لوگوں کو مفت فراہم کررہے ہیں پاکستان کے اسکولوں میں بھی کتابیں دی جارہی ہیں تاکہ اسکولز اپنی لائبریری کو بہتر انداز میں ترتیب دے سکیںجبکہ سرکاری اسکولوں میں پینے کے صاف پانی، نکاسی آب کی سہولیات، اسکول یونیفارمز اور دیگر سہولیات فراہم کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تعلیم کے فروغ میں روٹری کلب کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی تعلیم کے فروغ سے ہی ترقی کا ہدف پورا کرنے میں مدد ملے گی جس کے لئے روٹری اہم خدمات انجام دے رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :