کراچی میں یوم یکجہتی کشمیر جوش و خروش سے منایا گیا

شہر بھر میں مختلف سیاسی و مذہبی تنظیموں کی جانب سے کشمیری عوام کی حمایت میں ریلیاں نکالی گئیں ، مختلف پروگرامز منعقد ہوئے کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے،بھارت 6لاکھ کشمیریوںکا خون بہا کربھی نام نہاد بھارتی جمہوریت کا پیٹ نہیں بھرسکا کشمیری مسلمانوں کی جدوجہد ضرور رنگ لائے گی۔بھارتی افواج کشمیرکی آزادی کی جدو جہد کو اب زیادہ عرصہ نہیں روک سکتی بھارت لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی اور کشمیری عوام پر مظالم ڈھانے کے بجائے پہلے مظلوم کشمیروں کو حق خودارادیت دے، مقررین

پیر 5 فروری 2018 21:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 فروری2018ء) ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی یوم یکجہتی کشمیر جوش و خروش سے منایا گیا۔ اس مناسبت سے شہر بھر میں مختلف سیاسی و مذہبی تنظیموں ، سماجی اداروں اور دیگر کی جانب سے کشمیری عوام کی حمایت میں ریلیاں نکالی گئیں ، مختلف پروگرامز منعقد ہوئے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی تسلط اور جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے ۔

سیمینار ،ریلیوں ، احتجاجی مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے،بھارت 6لاکھ کشمیریوںکا خون بہا کربھی نام نہاد بھارتی جمہوریت کا پیٹ نہیں بھرسکا ہے ۔ کشمیری مسلمانوں کی جدوجہد ضرور رنگ لائے گی۔بھارتی افواج کشمیرکی آزادی کی جدو جہد کو اب زیادہ عرصہ نہیں روک سکتی۔

(جاری ہے)

بھارت لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی اور کشمیری عوام پر مظالم ڈھانے کے بجائے پہلے مظلوم کشمیروں کو حق خودارادیت دے۔

اقوام متحدہ کشمیر میں بھارتی مظالم بند کرائے اوراپنی قرار داد کی روشنی میں مسئلہ کشمیر حل کرائے۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی مسلم حکمرانوں اور دنیا کی دیگر حکومتوں سے ملکر مسئلہ کشمیر کو صرف 5فروری کو نہیںبلکہ مسلسل سال بھر متحرک رکھیں اور دنیا بھر میں پاکستانی سفارت خانے بھی جرات مندانہ طریقے سے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کریں۔

یوم یکجہتی کشمیرکے موقع پرپاکستان یکجہتی کونسل کے تحت مہران ہائی وے سے دار العلوم اور پاکستان ریلوے کی جانب سے سٹی اسٹیشن سے کراچی پریس کلب تک ریلی نکالی گئی جس کی قیادت ڈپٹی ڈی ایس ریلوے کاشف یوسفانی نے کی ۔ریلی میں ڈی سی او ریلوے ، ریلوے ملازمین ، اسکاوٹس اور ریلوے اسکول کے بچوں نے شرکت کی۔علاوہ ازیں ول سوسائٹی ، ہیومن رائٹس فانڈیشن و دیگر سماجی تنظیموں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کیے گئے ۔

شرکا نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیر کی آزادی اور کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے نعرے درج تھے ۔مقررین کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیری عوام پر انسانیت سوز مظالم کر رہا ہے اور عالمی برادری نے پراسرار خاموشی اختیار کی ہوئی ہے ، جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں ۔ مقررین نے کہا کہ کشمیریوں نے ہر دور میں آزادی کی شمع روشن رکھنے کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور کسی بھی دور میں غلامی کو قبول نہیں کیا ، کشمیر ،حیدرآباد دکن اور دیگر مسلم علاقوں کی آزادی کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔

کشمیربھی بھارتی تسلط سے نکل کر پاکستان سے الحاق چاہتے ہیں۔ آج بھی کشمیری بہنیں اپنے بھائیوں کو اس بات آمادہ کرتی ہیں کہ کشمیر کو بھارت سے آزاد کرانا ہے،انہوں نے کہا کہ بھارت اب یہ بات جان چکا ہے کہ درندوں پر مشتمل 7 لاکھ فوج کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو نہیں دبا سکتی اور کشمیروں کو ہر صورت آزادی دینا ہوگی،انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر کشمیری عوام پر بھارتی افواج کے غاصبانہ قبضے ومظالم کے خلاف آواز بلند کر کے مودی سرکار کے مکروہ عزائم کو بے نقاب کرنا ضروری ہے،انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں قائم پاکستان سفارتخانوں میں کشمیر ڈیسک قائم کر کے کشمیری عوام کے حق میں بھرپور آواز اٹھائی جائے،انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمان کے مطابق کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیر ہندوستان کا نامکمل ایجنڈا ہے،کشمیر آزاد ہوکر تو یہ ایجنڈا مکمل ہوگا،انہوں نے کہا کہ کشمیر میں ظلم کی خوف ناک داستان رقم کی جارہی ہیں او اس سلسلے میں مسلم ممالک کی خاموشی تشویش ناک ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہونا خوش آئند ہے اور اقوام متجدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کشمیر کی آزادی کی جنگ اچھے انداز میں لڑ رہی ہیں،انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان میں مختلف سازش کر کے لائن آف کنٹرول پر آئے دن گولہ بارودی کر کے کشمیر پر سے عالمی توجہ ہٹانا چاہتا ہے جس میں اسے ناکامی ہوگی،انہوں نے کہا کہ خود کو سیکولر کہنے والا بھاتے طاقت کے نشے میں نہتے اور مظلوم کشمیریوں پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑ رہا ہے،جس پر عالمی برادری کو فوری توجہ دینا چاہیے،انہوں نے کہا کہ بھارت کا مسئلہ کشمیر پر رائے فرار اختیار کرنا مسئلہ کشمیر کو عالمی فورم سے مٹانا ے مترادف ہے،انہوں نے کہا کہ کشمیر مسلمانوں کو پاکستان سے محبت کے جرم میں روزانہ قتل کیا جاتا ہے اور پوٹا جیسے کلے قانون کے تحت انہیں سزائیں دی جاتی ہیں۔