پاکستان کسٹم ہائوس کراچی میں پراسرارآتشزدگی،اہم ریکارڈ جل گیا

پیر 5 فروری 2018 19:37

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 فروری2018ء) شہرقائد میں واقع کسٹم ہاوس میں آتش زدگی کے پراسرار واقعے میں اہم فائلیں اور ریکارڈ رنذرِ آتش ہوگیا فائر بریگیڈ کا عملہ آگ بجھانے میں مصروف ہے۔تفصیلات کے مطابق پیرکو کسٹم ہاوس کراچی کے سیکنڈ فلور پر ڈی سی اپریز منٹ ویسٹ کے دفتر میں پرسرار طور پر آگ بھڑک اٹھی جس سے اہم فائلیں اور ریکارڈ جل گیا۔

یاد رہے کہ چھٹی والے دن کسٹم ہاو س میں بیشتر دفاتر بند ہوتے ہیں۔فائر بریگیڈ کا عملہ اطلاع ملتے ہیں موقعہ پر پہنچ گیا تھا اور آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے سبب اہم ریکارڈ اور فائلیں جل گئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کسٹم اپریز منٹ ویسٹ نے گزشتہ دنوں ایک بڑی کارروائی میں کروڑوں روپے مالیت کے اسمگل شدہ موبائل فون اورٹیبلٹ بھی پکڑے تھے جنہیں کاغذات میں ریفریجریٹر پارٹس اور کپڑے ظاہر کر کے اسمگل کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

اسمگل شدہ موبائل فونز کے خلاف بڑی کارروائی کے بعد سے کسٹم کے دو سینئر افسران کو مزید کارروائی سے روکنے کے لیے دباو بھی تھا جس کے سبب کارروائی کرنے والی کلکٹر کسٹم شہناز مقبول اور ڈی سی کسٹم عمران رسول کا تبادلہ غیر فعال شعبوں میں کر دیا گیا تھا۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مذکورہ افسران نے اس کیس پر مزید کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہا رکیا تھا جس کے بعد خاتون افسر کا تبادلہ کراچی کے ہی ایک غیر فعال ڈیپارٹمنٹ میں کردیا گیا تھا جبکہ ڈی سی کسٹم کو حیدر آباد ٹرانسفر کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :