کشمیر ڈے پر نواز شریف کا سیاست کرنا قابل افسوس ہے ، پی ٹی آئی کشمیر کی آزادی ممکن بنائیگی‘عبدالعلیم خان

نواز لیگ کو مشاہد حسین ’’جیسے نظریاتی‘‘کی واپسی مبارک ہو ،بہتر ہو گا پرویز مشرف کو بھی پارٹی میں شامل کر لیں ‘ یوم کشمیر پر پیغام

پیر 5 فروری 2018 17:46

کشمیر ڈے پر نواز شریف کا سیاست کرنا قابل افسوس ہے ، پی ٹی آئی کشمیر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 فروری2018ء) پاکستان تحریک انصاف وسطی پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ہم کشمیریوں کی غیر مشروط حمائیت جاری رکھیں گے آزادی کشمیر کسی مذہب کا نہیں بلکہ بنیادی انسانی حقوق اور لاکھوں شہریوں کے حق خود ارادیت کا وہ بنیادی مسئلہ ہے جسے کسی طور نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ،بد قسمتی سے کشمیری کہلانے والے وزیر اعظم نے ہی آزادی کشمیر کو پس پشت ڈال دیا اور نواز شریف کا کشمیر ڈے پر بھی سیاست کرنا قابل مذمت اورافسوسناک ہے انہیں مسئلہ کشمیر سے زیادہ فکر اپنے نکالے جانے کی ہے۔

یوم کشمیر پر اپنے پیغام میںانہوں نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے کشمیر کے معاملے کو مس ہینڈل کیا گیا کیونکہ مضبوط خارجہ پالیسی کے بغیر ایسے ایشوز کا حل ممکن نہیں ہوتا اورپاکستان میں تو 4برسوں تک کوئی وزیر خارجہ ہی نہیں تھا عبدالعلیم خان نے کہا کہ کشمیر بلا شبہ پاکستان کی شہ رگ ہے اور ہم کشمیر کی آزادی کیلئے جدوجہد کرنے والوں کی دامے ،درمے اور سخنے حمائیت سے کسی طور بھی پیچھے نہیں ہٹ سکتے ،انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ تحریک انصاف اقتدار میں آکر مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی اور عمران خان کی قیادت میں ہی کشمیر کی آزادی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گا۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے کہا کہ نواز لیگ کو مشاہد حسین جیسی"نظریاتی"کی واپسی مبارک ہوبہتر ہو گا کہ اب نواز شریف پرویز مشرف کو بھی اپنی پارٹی میں شامل کر لیں انہوں نے کہا کہ ثابت ہو گیا ہے کہ ابن الوقتوں اور ہر قیمت میں اقتدار میں رہنے والوں کا اصل ڈیرہ نواز لیگ میں ہے کے پی کے کے امیر مقام سے لے کر کراچی کی ماروی میمن تک اقتدار اور وزارتوں کے متلاشی نواز لیگ کے گرد منڈلاتے رہتے ہیں عبدالعلیم خان نے کہا کہ نواز شریف بظاہر جس آمریت کی مخالفت کرتے ہیں خود بھی اُسی کی پیداور ہیں اور انہی کے ساتھیوں کو شامل کرنے کو ترجیح دیتے ہیں ۔