یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر گورنر سندھ محمد زبیر کا پیغام

اتوار 4 فروری 2018 22:10

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 فروری2018ء) یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر گورنر سندھ محمد زبیر نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 5 فروری کو ملک کے طول و عرض سے پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں، پاکستانیوں کے دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں کیونکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اس کے بغیر پاکستان کی تکمیل تاحال نامکمل ہے۔

اتوار کو جاری کردہ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ 1946ء میں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح ؒ نے سیاسی، دفاعی، اقتصادی اور جغرافیائی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے کشمیر کو شہ رگ قرار دیا تھا، یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کا نامکمل ایجنڈا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ حق خود ارادیت کے لئے کشمیری عوام کی طرف سے دی جانے والی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، خطہ میں امن و سلامتی کے لئے اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق اس مسئلہ کا پرامن حل ناگزیر ہے، اس ضمن میں عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے مظالم کے خاتمے اور کشمیر میں اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق استصواب رائے کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیری بھائیوں کے حق خود ارادیت کے حصول تک پاکستانی عوام اپنے بھائیوں کے شانہ بشانہ ساتھ کھڑے ہیں۔

متعلقہ عنوان :