سندھ میں یوم یکجہتی کشمبر انتہائی جوش و جذبہ کے ساتھ آج منایا جائے گا

سیاسی، سماجی اور مذہبی جماعتیں سیمینار، کانفرنسز اور ریلیوں کا اہتمام کریں گی

اتوار 4 فروری 2018 21:20

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 فروری2018ء) ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں میں آج یوم کشمبر انتہائی جوش و جذبہ اور ولولہ کے ساتھ منایا جائے گا۔ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کے لئے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات سمیت سیاسی، سماجی اور مذہبی جماعتوں نے سیمینار، کانفرنسز اور ریلیوں کا اہتمام کیا ہے۔

حکومتی سطح پر ہمیشہ کی طرح امسال بھی ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن کے زیراہتمام یوم یکجہتی کشمیر کا مرکزی جلسہ (آج) پیر کو دن ایک بجے نئی سبزی منڈی میں ہو گا جس کی صدارت وفاقی وزیر ماحولیات سینیٹر مشاہد اللہ خاں کریں گے جبکہ سینیٹر سلیم ضیا، اراکین صوبائی اسمبلی حاجی شفیع جاموٹ، ہمایوں محمد خان، سورٹھ تھیبو، بابو سرفراز خان جتوئی، شاہ محمد شاہ، علی اکبر گجر، سید منور رضا، خواجہ طارق نذیر، ضلعی عہدے داران، منتخب بلدیاتی چیئرمین و کونسلروں کے علاوہ کراچی میں مقیم کشمیری برادری کے منتخب نمائندے ملک محمود احمد، عبد القیوم کشمیری، ملک معروف، ملک شمعون، ملک رفیق، چوہدری فاروق، چودھری مجید، راجہ عارف اور سردار آصف اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے کارکن خصوصی طور پر یوم یکجہتی کشمیر کے جلسے میں شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

مزیدبرآں پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن کے نائب صدر حاجی ایس ایم شاہجہاں نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کشمیر کی آزادی کی ضمانت ہیں، کشمیر کی آزادی ایک دن حقیقت بنے گی، پاکستانی قوم کشمیر کے مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کے حق میں ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) کشمیر کے مسئلے کے حل کے لئے سیاسی سفارتی اور اخلاقی حمایت کبھی کم نہیں ہونے دے گی۔

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نی5فروری یو م کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ حق خودارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے جسے اقوام عالم نے بھی تسلیم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کے لئے شہید ذوالفقار علی بھٹو نے بھرپور جدوجہد کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے سندھ حکومت کی جانب سے کشمیریوں کو ہر ممکن سیاسی حمایت مہیا کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ہم کشمیریوں کے ہر دکھ درد میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے اقوام عالم پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کو اپنا حق دلانے میں فعا ل کردار ادا کریں۔امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر ملک گیر یوم ِ یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں آج 03:30 بجے سہہ پہر جیل چورنگی تا مزارِ قائد ’’یکجہتی کشمیر ریلی‘‘ نکالی جائے گی۔ ریلی سے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسد اللہ بھٹو، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن و دیگر خطاب کریں گے۔

جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری عبد الوہاب نے عوام اور کارکنان سے ریلی میں بڑی تعداد میں شر کت کی اپیل کی ہے۔ جماعت اسلامی حلقہ خواتین دردانہ صدیقی نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے،کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں۔جب تک مسئلہ کشمیر حق و انصاف اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں ہو گا اس وقت تک جنوبی ایشیا میں امن کے قیام کی توقع رکھنا نادانی ہے۔

دردانہ صدیقی نے اپنے بیان میں اس بات کا عزم کیا کہ ہم ہر سال کی طرح اس سال بھی 5 فروری کو یومِ و یکجتء کشمیر قومی جوش وجذبے سے منائیں گے اور کشمیریوں کو اس بات کا احساس دلائیں گے کہ پاکستانی قوم زندگی کے آخری لمحہ اور خون کے آخری قطرے تک ان کے ساتھ ہے۔ جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے اعلان کیا ہے کہ یوم کشمیر کے حوالے سے جے یو پی متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم اور جماعتی بنیاد پر بھی یکجہتی کشمیر ریلیاں اور سیمینار منعقد کرے گی جبکہ وفاقی، صوبائی ، ضلعی اور تحصیل سطح پر پروگرام منعقد ہوں گے۔

خادمین ملت پاکستان کے زیر اہتمام ایک تقریب منعقد ہو گی جس میں کشمیر کی آزادی کے لئے خصوصی دعا کروائی جائے گی۔ تقریب میں ادارے کے تمام عہدیداران، اراکین، رفقاء اور ہمدرد شرکت کریں گے۔

متعلقہ عنوان :