الیکشن کمیشن سندھ نے سینیٹ انتخابات کے لئے اب تک 98 فارم جاری کر دیئے

اتوار 4 فروری 2018 21:20

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 فروری2018ء) صوبائی الیکشن کمیشن نے سینیٹ کے انتخابات کے لئے اب تک 98 فارمز جاری کر دیئے ہیں۔ صوبائی الیکشن کمیشن سندھ کے حکام نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ ہفتہ کو 66 فارمز جاری کئے گئے تھے جبکہ اتوار کو مزید 32 فارمز جاری کئے گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ اتوار کو کاغذات جمع کرانے کے لئے پہلا دن تھا لیکن اس دن الیکشن کمیشن کو کوئی نامزدگی فارم موصول نہیں ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی الیکٹورل کالج مجموعی طور پر 168 ممبران پر مشتمل ہے جبکہ دو اراکین صوبائی اسمبلی کے انتقال کے بعد اب اس کی تعداد 166 ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ سے مجموعی طور پر 12 سینیٹرز منتخب ہوں گے جس میں 7 جنرل، 2 ٹیکنوکریٹ اور علماء، دو خواتین جبکہ ایک اقلیتی نشست ہو گی۔ سینیٹ کے لئے پولنگ 3 مارچ 2018ء کو صبح 9 سے شام 4 بجے تک سندھ اسمبلی کی بلڈنگ میں منعقد ہو گی۔