تحریک انصاف نے خیبر پختونخوا کے عوام کو دھوکا دیا ہے، یہ لوگ عوام سے کئے ہوئے وعدے پورے کرنے کے بجائے الزام تراشی کا کھیل کھیلتے رہے،مسلم لیگ (ن) نے اپنے وعدوں پر عمل درآمد کیا، ملک کو بجلی کے بحران اور دہشت گردی جیسے مسائل سے نجات دلائی، نئے منڈیٹ کے ساتھ اقتدار میں آکر ترقی کے سفر کو زیادہ تیزی سے آگے بڑھائیں گے

مسلم لیگ (ن) کے صدر و سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کا پشاور میں جلسہ عام سے خطاب

اتوار 4 فروری 2018 21:01

پشاور۔4 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 فروری2018ء) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے خیبر پختونخوا کے عوام کو دھوکا دیا ہے، یہ لوگ عوام سے کئے ہوئے وعدے پورے کرنے کے بجائے الزام تراشی کا کھیل کھیلتے رہے،مسلم لیگ (ن) نے اپنے وعدوں پر عمل درآمد کیا، ملک کو بجلی کے بحران اور دہشت گردی جیسے مسائل سے نجات دلائی، نئے منڈیٹ کے ساتھ اقتدار میں آکر ترقی کے سفر کو زیادہ تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔

اتوار کے روز پشاور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئی نواز شریف نے پشاور اور خیبر پختونخوا کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح انھوں نے پشاور کے جلسے کو کامیاب بنایا ہے اسی طرح 2018ء کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو اپنے ووٹوں سے بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں اور ان کی جماعت کو بھاری اکثریت سے پارلیمنٹ میں پہنچائیں تاکہ پاکستان کو تیز تر ترقی کے راستے پر اسی طرح بلکہ اس سے زیادہ تیزی سے آگے بڑھایا جا سکے جس طرح انکی وزارت عظمیٰ ختم کئے جانے سے پہلے پاکستان ترقی کے راستے پر پیش قدمی کر رہا تھا۔

(جاری ہے)

نواز شریف نے پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت اور پی ٹی آئی کی قیادت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں نے خیبر پختونخوا کے عوام کو دھوکا دیا ہے، یہ لوگ عوام سے کئے ہوئے وعدے نبھانے کے بجائے الزام تراشی کا کھیل کھیلتے رہے ۔ انھوں نے سوال کیا کہ جس میٹرو بس کے نام پر آج پشاور کو ادھیڑ کر رکھ دیا گیا ہے وہ پچھلے چار سال میں کیوں نہ بنائی گئی ،کہاں ہیں وہ 350ڈیم جن کا عمران خان نے وعدہ کیا تھا ، درخت لگانے کے نام پر اربوں روپے تو ڈکار لیے گئے لیکن درختوں کا کوئی وجود نہیں، عمران خان صوبے میں ایک میگا واٹ بجلی بھی نہیں بنا سکے اور تو اور ان سے ایک فارنزک لیبارٹری تک نہیں قائم کی ہو سکی ، نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے وعدوں پر عمل درآمد کرتے ہوئے ملک کو بجلی کے بحران اور دہشت گردی جیسے مسائل سے نجات دلائی ،انھوں نے کہا کہ انھوں نے ملک کے غریب عوام کیلئے ہیلتھ کارڈ سکیم شروع کی اور خیبر پختو نخوا کے غریب عوام کو اس سکیم میں شامل کرنے کی خواہش کی لیکن صوبائی حکومت نے سیاسی مصلحتوں کی وجہ سے اس سکیم کا حصہ بننے سے انکار کر دیا جس کا نقصان صوبے کے غریب عوام کو اٹھانا پڑا ہے ۔

انھوں نے کہا کہ پشاور کے عوام نے انکے جلسے میں بھر پور شرکت کر کے نئی تاریخ رقم کی ہے ،اگر عوام کا ساتھ اسی طرح رہا تو انکا وعدہ ہے کہ وہ ایک بار پھر اقتدار میں آکر ہر غریب کو رہنے کیلئے مکان اور بے روزگارنوجوانوں کو روزگار دیں گے، فاٹا کے عوام کومین سٹریم میں لائیں گے اور اس کے ساتھ ساتھ انصاف کی عوام کی دہلیز پر فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف جو وعدہ کرتا ہے وہ پورا کرتا ہے۔ انھوں نے کامیاب جلسے کے انعقاد پر (ن) لیگ کے صوبائی صدر امیر مقام کو مبارکباد دی ۔انھوں نے سوات خود کش حملے کے شہداء کو قومی ہیروز قرار دیتے ہوئے انکے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔