پشاور کے عوام نے نواز شریف کے جلسہ عام میں شرکت کر کے لاڈلے خان کی سیاست کو آئوٹ کر دیا، 2018کے الیکشن مسلم لیگ نون پختون خوا سے بھی بھاری اکثریت سے جیتے گی،وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد

اتوار 4 فروری 2018 21:01

حضرو۔ 4جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 فروری2018ء) وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ پشاور کے عوام نے میاں محمد نواز شریف کے جلسہ عام میں شرکت کر کے لاڈلے خان کی سیاست کو پختون خوا سے آئوٹ کر دیا ہے، 2018کا الیکشن مسلم لیگ نون پختون خوا سے بھی بھاری اکثریت سے جیتے گی ۔ محمد نواز شریف نے ان ساڑھے چار سالوں کے دوران ملک و قوم کو کئی تحفے دیئے جن میں گوادر پورٹ، لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ، اورنج لائن ،ریلوے کی بحالی، میٹرو بس، صحت کارڈ، موٹر وے ،معاشی استحکام، لیور اینڈ کڈنی ٹرانسپلانٹ سنٹر، اکنامک کوریڈور، کسان پیکج، لیپ ٹاپ سکیم جیسے منصوبے شامل ہیں، محمد نواز شریف نے عوامی نمائندہ ہونے کا ثبوت دیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں مسلم لیگ نون کے جلسے میں شرکت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر مسلم لیگ نون کے جنرل سیکرٹری ملک محمد آصف ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کا جس طرح والہانہ استقبال پشاور کے عوام نے کیا اس سے ثابت ہوگیا ہے کہ پختون خوا کے عوام تحریک انصاف کی حکومت سے مایوس ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سوائے الزام تراشی کے کچھ نہیں کیا صرف عوام کے ساتھ بڑے دعوے کر کے عوام کو بیوقوف بنانے کی کوشش کی 2018کے الیکشن میں پختون خوا سے بھی مسلم لیگ نون بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ شیخ آفتاب احمد نے مزید کہا کہ ملک کا بچہ بچہ جانتا ہے کہ ہمیشہ ترقی میاں محمد نواز شریف کے دور میں ہوئی اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ جس طرح پشاور کے عوام نے قائد پاکستان محمد نواز شریف کا استقبال کیا اس سے حوصلے بلند ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف اور محمد شہباز شریف کے خصوصی تعاون سے جو ترقی اٹک میں ہوئی اسکی مثال نہیں ملتی۔