شریفوں نے ملک کو معاشی طور پر تباہ کردیا ہے ،ڈر ہے مصنوعی ترقی کا بم پھٹ کر تباہی نہ پھیلا دے ‘آصف علی زرداری

نواز شریف افغانستان سے معدنیات نکال کر بھارت لیجانا چاہتا ہے،نواز شریف کی پالیسی پر چلے تو بھارتی تاجر پاکستان کی معیشت بٹھا دینگے لوگ پانی اور صحت کی سہولتیں دینے کی بجائے سڑکیں بنا رہے ہیں ،شریف برادران سمجھتے ہیں کہ سڑکوں پر لگا پیسا نظر آتا ہے ،صاف پانی کے منصوبوں پرپیسہ لگانے کوزیر زمین دفنانے کے مترادف سمجھتے ہیں‘سابق صدر کی بلاول ہائوس میں پارٹی رہنمائوں سے ملاقات کے دوران گفتگو

اتوار 4 فروری 2018 21:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 فروری2018ء) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ شریفوں نے ملک کو معاشی طور پر تباہ کردیا ہے ،ملک کو قرضوں کے بوجھ تلے اتنادبا دیا ہے ،یہ گناہ بھی نا قابل قبول معافی نہیں ہے ،شریفوں کے ترقیاتی کام صرف دکھاوا ہیں، ڈر ہے مصنوعی ترقی کا یہ بم پھٹ کر تباہی نہ پھیلا دے ،نواز شریف آپ کو دھرتی بھی قبول کرنے کو تیار نہیں اس لیے آپ کو نکالا گیا ۔

ان خیالات کااظہارانہوںنے بلاول ہائوس میں موجود پارٹی رہنمائوں قمر زمان کائرہ ، عزیز الرحمن چن ، چودھری منظور ، سمیت دیگرقائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ آصف علی زرداری نے کہاکہ سینیٹ میں اکثریت قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تخت رائیونڈ نے بلوچستان کو اپنی کالونی بنا رکھا تھاہم بلوچوں کو ساتھ لیکر چلیں گے،ہماری اورانکی ثقافت ایک ہے ۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) نے سب کو غلام سمجھ رکھا تھا اس لیے بغاوت ہوئی ۔ا نہوںنے کہاکہ کشمیر ڈے کے موقع پر مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا جلسہ کریں گے اور اگر کشمیریوں کی آزادی کیلئے ہزاروں سال بھی لڑنا پڑا تو لڑیں گے ۔انہوںنے کہاکہ نواز شریف افغانستان سے معدنیات نکال کر بھارت لیجانا چاہتا ہے،نواز شریف کی پالیسی پر چلے تو بھارتی تاجر پاکستان کی معیشت بٹھا دیں گے۔

ا نہوںنے کہاکہ نواز شریف کو کشمیر نہیں بھارت سے تجارت عزیز ہے۔ انہوںنے کہاکہ یہ لوگ پانی اور صحت کی سہولتیں دینے کی بجائے سڑکیں بنا رہے ہیں ،شریف برادران سمجھتے ہیں کہ سڑکوں پر لگا پیسا نظر آتا ہے اور صاف پانی کے منصوبوں پرپیسہ لگانے کوزیر زمین دفنانے کے مترادف سمجھتے ہیں،دکھاوے ،سستی شہرت کے سوا شریف برادران کوئی منصوبہ بنانے کو تیار نہیں ہیں انہوںنے کہاکہ سڑکیں بھی مخصوص علاقوں میں بطور شو پیس بنائی جا رہی ہیں،ڈر ہے کہ مصنوعی ترقی کا بم تباہی نہ پھیلادے۔

انہوںنے مزید کہاکہ نواز شریف نے ثابت کردیاکہ وہ پاکستان کے نہیں جی ٹی روڈ کے وزیراعظم تھے،بہت پہلے کہہ دیا تھا نواز شریف گریٹر پنجاب کا نعرہ لگائے گا۔ انہوںنے کہاکہ نواز شریف کی سوچ جی ٹی روڈ اور شہباز شریف کی لاہور تک محدود ہے،شہباز شریف بھی پنجاب کے نہیں لاہور کے وزیراعلیٰ بنے بیٹھے ہیں۔ شریفوں نے ملک کو معاشی طور پر تباہ کر دیا ہے۔

انہوںنے کہاکہ نوازشریف ہر جگہ جاکر رونا پٹتے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا گیا اس کا جوا ب یہ ہے کہ آپ دھرتی پر بوجھ بن گئے تھے آپ کو یہ دھرتی بھی قبول کرنے کو تیار نہیں اس لیے نکالاگیا ۔ انہوںنے کہاکہ آصفہ بھٹو انتخابی میدان میں آ رہی ہیںاور میں چاہتاہوں کہ خواتین زیادہ سے زیادہ سیاست میں آئیں ۔ انہوںنے کہاکہ لاہور تحریک پاکستان اور جمہوریت کی بحالی کی جدوجہد کا مرکز رہا ہے،لاہور میں قرارداد پاکستان منظور ہوئی اور پیپلز پارٹی کا جنم ہوااور لاہور سے ہی پیپلز پارٹی کی سیاست کو عروج پر لے جائیں گے۔