Live Updates

نقیب اللہ کی طرح پتہ نہیں کتنے قبائلیوں کو کراچی میں قتل کیا گیا، عمران خان

قبائلی علاقوں کا خیبر پختونخوا کے ساتھ ضم ہونا ضروری ہے، قبائلیوں کے دھرنے سے خطاب

اتوار 4 فروری 2018 20:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 فروری2018ء) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہاہے کہ نقیب اللہ کو جس طرح قتل کیا گیا اسی طرح پتہ نہیں مزید کتنے قبائلیوں کو کراچی میں قتل کیا گیا۔ اسلام آباد میں راؤانوار کی گرفتاری کے لیے دیے گئے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو امریکی جنگ میں شامل نہیں ہونا چاہیے تھا، ہمیں کبھی بھی اپنی فوج قبائلی علاقوں میں نہیں بھیجنی چاہیے تھی، میں نے فوج بھیجنے کی مخالفت کی لیکن انہوں نے میرا نام طالبان خان رکھ دیا، ہم نے قبائلی علاقوں میں جو ظلم کیا، اگر کوئی کمزور قوم ہوتی اب تک ختم ہوچکی ہوتی، پرویز مشرف تاریخ پڑھ لیتے تو قبائلی علاقوں میں فوج نہ بھجواتے۔

ان کا کہنا تھا کہ نقیب اللہ کو جس طرح قتل کیا گیا اسی طرح پتہ نہیں مزید کتنے قبائلی لوگوں کو کراچی میں قتل کیا گیا تاہم آپ لوگ اکیلے نہیں پورا پاکستان آپ کے ساتھ کھڑا ہے۔

(جاری ہے)

عمران خان کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں کا خیبر پختونخوا کے ساتھ ضم ہونا ضروری ہے، فاٹا کی خیبرپختونخوا میں انضمام کی مخالفت کرنے والے قبائلیوں کے دشمن ہیں جب کہ قبائلیوں کے ساتھ مل کر اسلام آباد میں راؤ انوار کو تلاش کروں گا اور جو بے گناہ لاپتہ ہیں ان کے لیے مہم بھی چلائوں گا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :