گورنرسندھ محمد زبیر سے گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی کی ملاقات

جاری صورتحال ، سی پیک ،بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ ، معاشی خوشحالی و سرمایہ کاری کے پرکشش ماحول کے ضمن میں اقدامات ،امن و امان اور باہمی دلچسپی کے امور سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال

اتوار 4 فروری 2018 20:50

�راچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 فروری2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر سے بلوچستان کے گورنر محمد خان اچکزئی نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں جاری صورتحال ، سی پیک ،بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ ، معاشی خوشحالی و سرمایہ کاری کے پرکشش ماحول کے ضمن میں اٹھائے گئے اقدامات ،امن و امان اور باہمی دلچسپی کے امور سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ موجودہ حکومت کے اقداما ت کے باعث ملک معاشی و اقتصادی خوشحالی کی سمت گامزن ہوچکاہے ،غیر ملکی سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ ، نئی صنعتوں کے قیام ، نجی سیکٹر کے فعال کردار،تجارتی و کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور ترقیاتی کاموں سے عام آدمی کا معیار زندگی بلند ہورہا ہے لوگوں کو روزگار کے مواقعوں کی دستیابی سے غربت کے خاتمہ میں مدد مل رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی میں قیام امن سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے ، شہر میں کام کرنے والی ملٹی نیشنل کمپنیاں مزید سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہی ہے ، شہر کی استعداد سے فائدہ اٹھانے کے لئے غیر ملکی سرمایہ کار مختلف شعبوں میں بھرپور دلچسپی رکھتے ہیں جبکہ تمام شعبوں میں مثبت اشاریئے بھی حوصلہ افزا ء ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت وفاق ہی نہیں بلکہ پورے ملک کی یکساں ترقی کے وژن پر کا ربند ہے اس ضمن میں وفاق کے تعاون سے صوبہ کے متعدد اضلاع میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں جن کی تکمیل سے لوگوں کو معیاری سہولیات حاصل ہونگی ، وفاقی حکومت ملک کی اقتصادی شہ رگ کراچی میں 75 ارب روپے کی خطیر رقم سے ترقیاتی کام کرارہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تناظر میں صنعتی فعالیت اور تجارتی سرگرمیوں کو مزید بڑھانے کے لئے صنعتی علاقوں میں انفرااسٹرکچر کی بحالی وترقی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے با الخصوص پورٹس کو مزید فعال کرنے کے لئے میگا پروجیکٹس پر کام جاری ہے ، سی پیک کی تکمیل کے بعد گوادر اور کراچی کو تجارتی و کاروباری سرگرمی میں اہم مقام حاصل ہوگا تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ سے جلد کراچی عالمی تجارتی منڈی اور عالمی معاشی نقشہ پر اہم مقام حاصل کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ کے نوجوانوں کو ہنر مند بنا نے کے لئے وفاق کے تحت قائم ادارے اہم کردار ادا کررہے ہیں ، جامعات میں نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ سہولیات سے استفادہ حاصل کرنے کے لئے وزیر اعظم پاکستان اسکیم کے تحت لیپ ٹاپ تقسیم کئے جا رہے ہیں جن کے مثبت نتائج برآمد ہونے پر اس کی تقسیم کا دائرہ کار کو مزید بڑھا دیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی باہمی مشاورت سے بھرپور اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ترقیاتی منصوبوں کی تشکیل میں اسٹیک ہولڈر ز کی معاونت اہم ثابت ہور ہی ہے جس سے لوگوں کو معیاری سہولیات کی فراہمی میں مثبت نتائج بھی حاصل ہو رہے ہیں ۔محمد زبیر نے گورنر بلو چستان کو بتایا کہ اس وقت دنیا میں پاکستان کے اصل حقائق کے برعکس تاثر قائم ہے جس کی وجہ سے سرمایہ کاری کے مطلوبہ نتائج کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے اس ضمن میں امریکہ ، برطانیہ ، دبئی اور دوہا میں منعقدہ روڈ شوز میں شرکت کرکے پاکستان کے حقیقی مثبت کو اجاگر کیا جس سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہو ا، روڈ شوز میں شرکت کرنے والے غیر ملکی سرمایہ کاروں کا کہنا تھا کہ اصل حقائق کا علم نہ ہونے کی وجہ سے وہ اب تک سرمایہ کاری میں حصہ نہیں لے رہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے روشن مستقبل کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا ،معاشی استحکام اور خوشحالی کے لئے مشترکہ اقدامات اہم ثابت ہو سکتے ہیں ،18 ویں ترمیم کے تحت صوبوں کو دیئے جانے والے اختیارات سے صوبوں کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئیں ہیں ہمیں مل کر صوبوں کی ترقی ، خوشحالی اور عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کرنا چاہئے ۔

انہوں نے کہا کہ بلو چستان ملک کا بڑا صوبہ ہے گوادر پورٹ قدرت کا انمول تحفہ ہے جس کی ترقی سے پورے ملک میں خوشحالی یقینی ہے ، پاک چین دوستی کی عظیم مثال سی پیک اس ضمن میں اہم ثابت ہوگا ،گوادر پورٹ کے فعال کردار سے لوگوں کو روزگار کے مواقع دستیاب ہونگے وہ وقت دور نہیں جب لوگ پاکستان میں روزگار کی تلاش میں آیا کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ بین الصوبائی ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے صوبوں کو باہمی ربط اور ہم آہنگی سے عوام الناس کی فلاح وبہبود کے لئے اقدامات کرنا ہو نگے ،صوبوں کی خوشحالی دراصل ملک کی خوشحالی اور ترقی ہے ، آمد رفت کے جدید ذرائع معاشی ، اقتصادی ، تجارتی ، کارو باری اور سماجی سرگرمیوں میں اہم ثابت ہونگے ۔

ملاقات میں گورنر بلو چستان نے کہا کہ صوبہ سندھ میں اٹھائے جانے والے اقدامات خوش آئند ہیں اس ضمن میں بلوچستان میں بھی عوامی فلاح وبہبود کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں انفرااسٹرکچر کی ترقی سے معاشی ، اقتصادی ، تجارتی ، کاروباری اور سماجی سرگرمیوں میں اضافہ ہو رہا ہے ، صوبہ سندھ کی ترقی و خوشحالی میں گورنر سندھ کی ذاتی دلچسپی اہم ثابت ہوگی اسی وژن سے عوام کو معیار زندگی بلند کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک سندھ اور بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے موئثر ثابت ہوگا ، منصوبہ کی تکمیل سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ اور روزگار کے مواقع دستیاب ہونگے جس سے غربت کے خاتمہ میں مدد بھی ملے گی ۔ #