کشمیری عوام کے حوصلوں کے سامنے بھارت سر نگوں ہو گا: سید رضا علی گیلانی

اتوار 4 فروری 2018 20:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 فروری2018ء) صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن پنجاب سید رضا علی گیلانی نے یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے جسے کوئی ہم سے جدا نہیں کر سکتا۔ آزادی کشمیر کی تحریک ہمارے دلوں میں بستی ہے اس جذباتی وابستگی کو کوئی کم نہیں کرسکتا اور کشمیر کیلئے اس جدوجہد میں ہر پاکستانی برابر کا شریک ہے ۔

کشمیر ہمارا ہے اور ہم اسے آزاد کروا کر ہی دم لیں گے۔ بھارت کو اپنا رویہ بدلنا ہوگا اور کشمیر پر ڈھائے جانے والے مظالم بند کرنا ہوں گے۔ بھارت کارگل میں پاکستان کے ہاتھوں ہونے والی سبکی یاد کرے اور اس سے سبق سیکھے۔ وہ موقع جب بھارت کو اپنی ڈوبتی ساکھ کو بچانے کیلئے امریکہ کے قدموں میں بیٹھنا پڑا کہ کارگل میں افواج پاکستان سے اسے بچایا جائے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ بھارت اپنی بزدلانہ کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے کشمیر میں مظالم کا جو سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے اب وہ زیادہ دیر تک نہیں چل سکے گا اور وہ وقت دور نہیں جب بھارت کو منہ کی کھانا پڑے گی اور کشمیر بھارت کے تسلط سے آزاد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوتا ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے اور ہماری جدوجہد مسلسل جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی قربانیوں سے ہمیشہ انقلاب برپا ہوا ہے اور کشمیر میںبھی نوجوان قیادت انقلاب کا باعث بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ برہان وانی ایک عظیم نوجوان تھا جس کی جدوجہد سے نہ صرف کشمیر میں ہونے والے مظالم پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہوئے بلکہ اس سے بھارت کی سازشی سوچ بھی کھل کر سامنے آئی اور بھارت نے اپنے منفی عزائم پر پردہ ڈالنے کے لئے برہان وانی کو شہید کردیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر میں اب پانچویں نسل بھی بھارتی مظالم کے سامنے سراپا احتجاج ہے اور امید ہے کہ کشمیری عوام کے حوصلوں کے آگے بھارت کا سر نگوں ہو گا۔ سید رضا علی گیلانی نے کہا کہ بھارت کو کارگل سے سبق حاصل کرنا چاہئے جب چند پاک فوج کے جوانوں نے بھارت کی لاکھوں کی تعداد میں موجود افواج کو دیوار کے ساتھ لگادیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بابائے قوم کے وہ الفاظ ہمارے ذہنوں میں تازہ ہیں کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور ہم آج کے روز ہم اس عزم کا عادہ کرتے ہیں کہ کشمیری عوام کو حق خودارادیت دلوانے کیلئے ہرممکن کردار ادا کریںگے۔