لاہورسفاری زو مینجمنٹ کمیٹی نے سفاری انتظامیہ کو رفاہ یونیورسٹی کیساتھ مفاہمتی یاداشت پر دستخط کرنے کی منظور ی دیدی

اتوار 4 فروری 2018 20:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 فروری2018ء) لاہورسفاری زو مینجمنٹ کمیٹی نے سفار ی زو انتظامیہ کو رفاہ یونیورسٹی کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی منظوری دیدی ہے ۔سری لنکا سے 2ہاتھیوںکے حصول کیلئے سری لنکن ہائی کمشنر سے رابطے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کمیٹی نے سفاری زو میں سیاحوں کو نائٹ سفاری کی سہو لت کی فراہمی کے معاملات پر دوبارہ غور کرنے اور فیصلے کو اگلے اجلاس تک کیلئے موخر کردیا ۔

ان امور کا فیصلہ ڈائریکٹر جنرل وائلڈلائف اینڈ پارکس پنجاب خالد عیاض خان کی زیر صدارت منعقدہ سفاری زو مینجمنٹ کمیٹی کے ا جلاس میں کیا گیا جس میں کمیٹی کے سرکاری ممبران ڈپٹی سیکرٹری پلاننگ ، ڈ ائریکٹر لاہور چڑیا گھر حسن علی سکھیرا ، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف پبلسٹی اینڈ ریسرچ سیل عامر مسعود اور غیر سرکاری ممبران میں شامل چیئر پرسن شعبہ زوالوجی لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی ڈاکٹر فرخندہ ،سابق ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف غضنفر علی لنگاہ ، بدرمنیر ، سائرہ طاہر اور ڈاکٹر ارشد مقبول بھی شریک ہوئے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بتایا گیا کہ رفاہ یونیورسٹی اور سفاری زو لاہور سے مفاہمت کی یاداشت پر دستخطوں کے نتیجہ میں یونیورسٹی کی طرف سے شتر مرغ کی ہیچری ،مائیکرو بیالوجی ،پیر اسیٹالوجی ، پتھالوجی، نیوٹریشن اور فارماکالوجی کی لیبارٹریز میں سفاری زو میں موجود جانوروں اور پرندوں کے علاج معالجے اور انکے پوسٹ مارٹم کی سہولت فراہم کی جائے گی، قبل ازیں جانوروں و پرندوں کے ٹیسٹوں اور پوسٹ مارٹم کے لئے یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز سے رجوع کر نا پڑتا تھا ، جبکہ سفاری زو رفاہ یونیورسٹی کے طلبا و طالبات کو انٹر ن شپ کی سہولیات اور وائلڈلائف مینجمنٹ سے متعلق تربیت فراہم کریگا ۔

دونوں ادارے مختلف ورکشاپس اور مختصر دورانیہ کے کورسز کے انعقاد میں بھی ایک دوسرے سے تعاون کرینگے ۔ اجلاس میں سفاری زو کے لئے دو ہاتھیوں کے حصول کے لئے سیکرٹری آفس کے ذریعے وفاقی وزارت موسمیاتی تبدیلی کے تعاون سے سری لنکن ہائی کمشنر سے رابطہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ قبل ازیں سری لنکن ہائی کمشنر سے اپریل 2017 ء کو بھی رابطہ کیا گیا تھا اور انہیں ان کا دو ہاتھی تحفہ میں دینے کا وعدہ بھی یا د دلایا گیا تھا۔

خالد عیاض خان نے سیاحوں کو نائٹ سفاری کی سہولت کی فراہمی کے لئے انتظامات کو ناکافی قرار دیتے ہوئے اس پر مزید غور و خوص کرنے اور اس معاملہ کو مینجمنٹ کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدائت دی۔ اجلاس میں رپورٹ پیش کی گئی کہ سفاری زو میں موجود چار معذور شیروں کو آسان موت دینے کے فیصلہ پر ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس کے ان شیروں کے طریقہ علاج میں تبدیلی اور سفاری زو انتظامیہ کی دن رات کی کاوشوں کے باعث دو شیروں کی صحت میں کچھ بہتری پائی جا رہی ہے۔ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ ایک ہفتہ بعد ان شیروں کا دوبارہ معائینہ کیا جائے اور جن شیروں میں بہتری کے آثار نظر نہ آئیں انہیں آسان موت دیدی جائے۔