شریف برادران چاہتے ہیں عدالتوں سے انکے مرضی کے فیصلے آئیں ،(ن) لیگ کا گریبان پکڑ کر حساب لینا ہے ‘ قمر زمان کائرہ

حدیبیہ کیس میں حق میں فیصلہ آنے پر چھوٹے میاں کہتے ہیں عدالتیں ٹھیک ہیں ،بڑا بھائی کہتا ہے ہمارے خلاف سازش کررہی ہیں ہم عالمی اور ملک کی عدالتوں سے سر خروہوئے ،آپکے خاندان کو سپریم کورٹ نے چور قرار دیدیا ہے‘ بادامی باغ میں تقریب سے خطاب

اتوار 4 فروری 2018 14:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 فروری2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ شریف برادران چاہتے ہیں عدالتوں سے ان کے مرضی کے فیصلے آئیں ،ہم نے اب (ن) لیگ کا گریبان پکڑ کر حساب لینا ہے ،نواز شریف نے بھٹو خاندان کی سیاست کا خاتمہ کرنے کیلئے مقدمے بنائے لیکن ہم عالمی اور ملک کی عدالتوں سے سر خروہوئے لیکن آپ کے پورے خاندان کو سپریم کورٹ نے چور قرار دیدیا ہے ، میاں صاحب آج موچی گیٹ کے جلسے میں بتائوں آپ کو کیوں نکالا گیا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بادامی باغ خطاب میں اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ داتا کی نگری والوں اور نوجوانوں کو پانچ فروری کو موچی گیٹ جلسے میں شرکت کی دعوت دینے کے لئے آیا ہوں ۔

(جاری ہے)

ذوالفقار علی بھٹو نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے پیپلزپارٹی کی بنیاد رکھی ، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے جسے بھارت نے بند کر رکھا ہے ،اس لئے بھٹو نے بنیادی منشور میں لکھا تھا کہ پیپلز پارٹی کے قیام کا مقصد کشمیرکی آزادی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کنٹرول لائن کے اس پار مودی کشمیریوں پر ظلم ڈھا رہا ہے ، ہم نے میاں صاحب کو پیغام دینا ہے کہ اصل وارث اب لاہورآ گئے ہیں،پیپلزپارٹی لاہور کی وارث ہے ۔پیپلز پارٹی نے پوری دنیا کے سامنے کشمیرکا مقدمہ لڑا ہے اس مقدمہ کو پوری دنیا نے تسلیم کیا ہے ۔پرویز مشرف ملک سے فرار ہو گیا ہے جو کشمیر کے سات ٹکڑے کرنا چاہتاتھا۔ انہوںنے کہا کہ ہمارے حریف کہتے تھے پیپلزپارٹی ختم ہو گئی ،پیپلزپارٹی پر نواز ،شہباز اور سیف الرحمن نے مقدمات بنائے ،ہم ان کے دور میں ان کی عدالتوں سے سے بری ہوئے ،عالمی عدالتوں میں بھی سرخرو ہوئے ۔

لیکن میاں صاحب آپ سز ا یافتہ ہیں آپ سپریم کورٹ سے نا اہل ہوئے ہیں۔ سپریم کورٹ نے آپ کو ، آپ کی بیٹی ، بیٹوں، سمدھی ،داماد اور بھائیوںپر مقدمہ کیا ہے یہ ہم نہیں کہتے بلکہ عدالت کہتی ہے کہ پورا خاندان ہی چور ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکز اور صوبے میں (ن) لیگ کی حکومت ہے ،کسی نے تو آپ پر مقدمہ نہیں بنایا ، آپ پھر کہتے ہیں مجھے کیوں نکالا ،آج موچی گیٹ جلسے میں اس کا جواب دوں گا۔

انہوںنے کہا کہ حدیبیہ پیپر ملز پر چھوٹے میاں کے حق میں فیصلہ آیاتو کہتے ہیں عدالتیں ٹھیک ہے لیکن بڑا بھائی کہتا ہے عدالتیں ہماری خلاف سازش کررہی ہیں ۔بڑے بھائی سے پوچھا جائے اس نے تو عدالتوں کا فیصلہ ماننے کا کہاتھا لیکن میاں صاحب اور ان کی بیٹی نے عدالتوں کے فیصلے کا کیا حشر کیا ہے ،یہ چاہتے عدالتوں کے فیصلے ان کے مرضی کے مطابق ہوں ۔ہم احتساب کرائیں گے بلکہ (ن) لیگ کا گریبان پکڑ کر حساب لینا ہے ، آپ کے لئے اڈیالہ جیل تیار ہے ۔