ثقافت اور اطلاعات کے شعبوں میں پاک چین تعلقات سے دونوں ملکوں کے عوام کے مابین رشتے مزید مستحکم ہونگی ،

سی پیک نہ صرف اقتصادی و انفراسٹرکچر کی ترقی کا ذریعہ ہے بلکہ یہ منصوبہ آرٹ،ثقافت اور ورثہ کے شعبوں میں تعاون کی نئی راہیں کھولے گا،آرٹ اور ثقافت کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،پاکستان فلم انڈسٹری کے احیاء میں چین کے تعاون کا خواہاں ہے ،ثقافتی معاہدوں سے دونوں ملکوں کے درمیان ثقافتی تعلقات مزید مضبوط ہونگے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات ، قومی تاریخ و ادبی ورثہ مریم اورنگزیب کاچین کے پانچ روزہ دورے پر روانگی سے قبل بیان

ہفتہ 3 فروری 2018 22:39

ثقافت اور اطلاعات کے شعبوں میں پاک چین تعلقات سے دونوں ملکوں کے عوام ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 فروری2018ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات ، قومی تاریخ وادبی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ثقافت اور اطلاعات کے شعبوں میں پاک چین تعلقات سے دونوں ملکوں کے عوام کے مابین رشتے مزید مستحکم ہونگی ، سی پیک نہ صرف اقتصادی و انفراسٹرکچر کی ترقی کا ذریعہ ہے بلکہ یہ منصوبہ آرٹ،ثقافت اور ورثہ کے شعبوں میں تعاون کی نئی راہیں کھولے گا،آرٹ اور ثقافت کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،پاکستان فلم انڈسٹری کے احیاء میں چین کے تعاون کا خواہاں ہے ،ثقافتی معاہدوں سے دونوں ملکوں کے درمیان ثقافتی تعلقات مزید مضبوط ہونگے ۔

وزیر مملکت مریم اورنگزیب یہ دورہ چین کے ثقافت کے وزیر لو یوشوگانگ کی دعوت ٴپر کر رہی ہیں ۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو چین کے پانچ روزہ(3سے 8فروری)سرکاری دورے پر روانگی سے قبل جاری اپنے ایک بیان میں وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے سی پیک کو امن و خوشحالی کی شاہراہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کی تاریخ ایسے واقعات سے بھری پڑی ہے جہاں دیگر طاقتوں کے اثر رسوخ کو کم کرنے ،دیگر علاقوں کو فتح کرنے یا محض اپنے دفاع کیلئے اتحاد قائم ہوئے تاہم سی پیک کے تحت پاک چین شراکتداری اس لحاظ سے منفرد ہے کہ اس کا مقصد نہ صرف پاکستان اور چین کے عوام کو ترقی کے ثمرات،روزگار کے مواقع اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی ہے بلکہ اس کا مقصد خطے کے تمام عوام کوبھی فائدہ پہنچانا ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ سی پیک علاقائی روابط کی مضبوطی کے علاوہ سیاحت کو فروغ دے گا اور ون بیلٹ ون روڈانیشیٹیو کے ذریعے ثقافتی روابط بھی قائم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ون بیلٹ ون روڈانیشیٹیو سے نہ صرف تمام خطے کی مشترکہ اقتصادی ترقی کیلئے دونوں ملکوں کے مابین مستقل شراکتداری قائم ہوگی بلکہ یہ ثقافتی ورثے کو بھی مستحکم کرے گا ۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ آرٹ اور ثقافت کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں جلد ملکی ثقافتی پالیسی کا اعلان کیا جائے گا۔

وزیر مملکت مریم اورنگ زیب نے کہا کہ ہم پہلی بار فلم ،پروڈکشن اور براڈ کاسٹ پالیسی پر بھی کام کر رہے ہیں کیونکہ فلمیں سکرین ٹورازم اور کسی بھی معاشرے کی اقدار و ثقافت کو فروغ دینے کااہم ذریعہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ثقافتی معاہدوں سے دونوں ملکوں کے درمیان ثقافتی تعلقات مزید مضبوط ہونگے اور عوام کے مابین رابطوں کو فروغ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان فلم انڈسٹری کے احیاء میں چین کے تعاون کا خواہاں ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ دورہ چین کے موقع پر اعلی حکام کے ساتھ ملاقاتوں میں میڈیا،انفارمیشن،ڈراموں کے تبادلوں اورکوپروڈکشن کے شعبوں میں تعاون بھی زیر بحث لایا جائے گا۔مریم اورزنگزیب اور چینی وزیر ثقافت لویو شوگانگ ثقافتی معاہدے کے ایگزیکٹیو پروگرام پر دستخط بھی کریںگے۔مریم اورنگزیب سٹیٹ ایڈ منسٹریشن آف پریس،پبلیکیشن،ریڈیو،فلم اور ٹیلی وژن کے دورے کے موقع پر نائب وزیر ٹونگ گانگ سے بھی ملاقات کریں گے۔وزیر مملکت مریم اورنگزیب چین کے قومی میوزیم کے علاوہ شنگھائی فلم گروپ اور فلم میوزیم کے دورے بھی کریںگی۔