شہبازشریف جھوٹ کے چمپئن، عام اور غریب آدمی کی بھلائی کیلئے اپنا ایک کام ہی بتا دیں‘ چودھری پرویزالٰہی

حکومت کہاں ہے، لوگ ہسپتالوں میں اور غیر قانونی طور پر باہر جاتے ہوئے مر رہے ہیں، کوئی انہیں پوچھنے والا نہیں حکمرانوں نے پورے پنجاب کا حلیہ بگاڑ دیا ہے، گجرات سے ان کی ذاتی دشمنی ہے، اپنے علاقائی نمائندوں کو بھی نہیں پوچھتے‘میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 3 فروری 2018 22:32

شہبازشریف جھوٹ کے چمپئن، عام اور غریب آدمی کی بھلائی کیلئے اپنا ایک ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 فروری2018ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی کہا ہے کہ حکومت کی عوام پر کوئی توجہ نہیں، لوگ ہسپتالوں میں مر رہے ہیں، وہاں نہ دوائیاں ہیں نہ دیگر سہولیات، اگر چیف جسٹس نوٹس لیں تو ان کے پیٹ میں درد ہوتا ہے۔ انہوں نے لیبیا واقعہ پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزارت داخلہ کہاں ہے، ان کو پہلے ہی روک تھام کرنی چاہئے تھی، نوجوانوں کو غیرقانونی طریقے سے باہر بھیجنے والے ایجنٹوں کو پکڑنے والا کوئی نہیں اور جو لوگ ان واقعات میں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں یا گرفتار ہو جاتے ہیں ان کے لواحقین کی داد رسی کرنے والے کوئی نہیں۔

وہ گجرات میں ڈاکٹر انصر محمود آف ماجرا کی صاحبزادی کی شادی کی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

چودھری پرویزالٰہی نے الیکشن کے بارے میں سوال پر کہا کہ ابھی تو حلقہ بندیاں ہو رہی ہیں جب صاف صورتحال سامنے آئے گی تو لائحہ عمل طے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان حکمرانوں نے پورے پنجاب کا حلیہ بگاڑ کر رکھ دیا ہے، گجرات سے تو ان کی ذاتی دشمنی ہے، یہ تو اپنے علاقائی نمائندوں کو بھی نہیں پوچھتے، ہمارے دور میں گجرات کو بہترین یونیورسٹی ملی، ریسکیو 1122 جیسا عوام دوست ادارہ ملا، شہبازشریف تو جھوٹ کے چمپئن ہیں اور جھوٹ بول بول کر تھکتے بھی نہیں، یہ اپنا کوئی ایک کام بتا دیں جو عام آدمی غریب آدمی کی بھلائی کیلئے کیا ہو، جو گجرات کے نمائندے ہیں ان کی زبانیں ہی نہیں ہیں اگر یہ اپنے حقوق کیلئے آواز بلند کرتے وزیر آباد کارڈیالوجی ہسپتال چل گیا ہوتا، جب میں میڈیا میں سچ اٹھاتا ہوں یا جب چیف جسٹس نوٹس لیتے ہیں تو یہ دو دن کیلئے ہسپتال چالو کرتے ہیں اور پھر سارا سامان اٹھا کر لے جاتے ہیں۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ جس شخص کو ابھی تک یہ سمجھ نہیں آئی کے مجھے کیوں نکالا اس نے عوام کے دکھ درد کو کیا سمجھنا ہے، اب تو فیصلہ اردو میں بھی آ گیا ہے ان کو وہی پڑھ لینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور عدلیہ دونوں ادارے انصاف اور پاکستان کی حفاظت کیلئے بہت اہم ہیں لیکن نواز شریف نے ان دونوں اداروں کو اپنے نشانے پر رکھا ہوا ہے، نواز شریف نے پہلے سپریم کورٹ پر حملہ کیا، بہاولپور میں بھی ایک جج پر حملہ کروایا۔

متعلقہ عنوان :