پاک اور افغان مشترکہ ورکنگ گروپس کے پہلے اجلاس میںشرکت کیلئے سیکرٹری خارجہ کی سربراہی میں اعلی سطحی وفد کا دورہ کابل

انسداد دہشت گردی،تشدد کے خاتمے،امن و مصالحت،مہاجرین کی واپسی،اقتصادی ترقی کے شعبوں میں تعاون کیلئے مشترکہ ایکشن پلان کے امور زیر بحث آئے

ہفتہ 3 فروری 2018 22:26

پاک اور افغان مشترکہ ورکنگ گروپس کے پہلے اجلاس میںشرکت کیلئے سیکرٹری ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 فروری2018ء)سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کی سربراہی میں سینئر سویلین و فوجی حکام پر مشتمل اعلی سطح کے وفد نے پاکستان اور افغانستان کے مشترکہ ورکنگ گروپس کے پہلے اجلاس میں شرکت کیلئے ہفتہ کو کابل کا دورہ کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں افغان وفد کی قیادت افغانستان کے نائب وزیر خارجہ حکمت خلیل کرزئی نے کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران انسداد دہشت گردی،تشدد کے خاتمے،امن و مصالحت،مہاجرین کی واپسی،اقتصادی ترقی کے شعبوں میں تعاون کیلئے مشترکہ ایکشن پلان کے حوالے سے امور زیر بحث لائے گئے۔ترجمان کے مطابق اجلاس خوشگوار ماحول میں منعقد ہوا اور دونوں وفود نے افغانستان پاکستان ایکشن پلان برائے امن و یکجہتی سے متعلق پیشرفت کی۔دونوں فریقین نے اے پی اے پی پی ایس سے متعلق معاہدے تک بحث جاری رکھنے کا عزم کیا۔ترجمان نے بتایا کہ اگلا اجلاس 9 اور 10فروری کو اسلام آباد میں ہوگا۔