صوبہ میں سیاحت کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے،گورنر سندھ

ہفتہ 3 فروری 2018 22:22

صوبہ میں سیاحت کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے،گورنر سندھ
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 فروری2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر سے گورنر گلگت بلتستان میر غضنفر علی خان نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، دلچسپی کے مختلف امور، سیاحت کے فروغ کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سمیت اہمیت کے حامل معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ہفتہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق گورنر سندھ نے کہا کہ آج کا پاکستان 2013ء کے مقابلہ میں بالکل مختلف ہے، امن وامان میں نمایاں بہتری، سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول اور وافر افرادی قوت اسے سرمایہ کاری کے لئے آئیڈیل ملک بناتی ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ صوبہ میں امن و امان کے قیام کے بعد غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ سرمایہ کاری کے لئے مزید سازگار ماحول کے قیام کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اس ضمن میں حکومت سرمایہ کاروں کو بھرپور تعاون و مدد بھی فراہم کررہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبہ میں کئی سیاحتی مقامات ہیں جہاں سیاحت کے فروغ کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جن میں ضلع دادو کا گورکھ ہل سرفہرست تفریحی مقام ہے جہاں جون و جولائی کے گرم مہینوں میں بھی درجہ حرارت بہت کم رہتا ہے، یہ انتہائی پرکشش اور صحت افزاء مقام ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ میں تاریخی مقامات پر بھی حکومت بھرپور توجہ دے رہی ہے آئندہ نسلوں تک کے لئے ان مقامات کو محفوظ بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ملاقات میں گورنر گلگت بلتستان میر غضنفر علی خان نے گورنر سندھ کو بتایا کہ گلگت بلتستان میں بھی سیاحت کے فروغ کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ زیادہ تر پہاڑی سلسلہ پر ہے اس لئے سفری سہولیات کو سہل بنانے کیلئے ترقیاتی کام بھی جاری ہیں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :