عدلیہ اور فوج کی طرح پارلیمنٹ کا احترام بھی لازم ہی ،خواجہ سعد رفیق

مسلم لیگ (ن) عدلیہ پر تنقید نہیں کرتی بلکہ عدلیہ کا احترام کرتی ہے اور ہم نے تو عدلیہ کی بحالی کے لیے جیلیں بھی کاٹی ہیں، وزیر ریلوے موجودہ ماحول کا ذمے دار وہ شخص ہے جو دھرنوں میں ناکامی پر سیاست کے فیصلے عدلیہ میں لے کر گیا، ملتان میں میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 3 فروری 2018 22:17

عدلیہ اور فوج کی طرح پارلیمنٹ کا احترام بھی لازم ہی ،خواجہ سعد رفیق
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 فروری2018ء) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عدلیہ اور فوج کی طرح پارلیمنٹ کا احترام بھی لازم ہے۔ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) عدلیہ پر تنقید نہیں کرتی بلکہ عدلیہ کا احترام کرتی ہے اور ہم نے تو عدلیہ کی بحالی کے لیے جیلیں بھی کاٹی ہیں۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عدلیہ اور فوج کی طرح پارلیمنٹ کا احترام بھی ہونا چاہیے کیونکہ اداروں کے درمیان تناؤ سے ریاست کو نقصان پہنچے گا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ ماحول کا ذمے دار وہ شخص ہے جو دھرنوں میں ناکامی پر سیاست کے فیصلے عدلیہ میں لے کر گیا۔ان کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں کو اپنی تقاریر کے دوران شائستہ لہجہ اختیار کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ ہر پاکستانی کے لیے قانون ایک جیسا ہونا چاہیے، عمران خان نے جو پارلیمنٹ کے بارے میں کہا اس پرافسوس ہوا۔

خیال رہے کہ دو روز قبل سپریم کورٹ نے توہین عدالت کیس میں مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر نہال ہاشمی کو ایک ماہ کی قید اور 5 سال کے لیے نااہل کرنے کے ساتھ 50 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔اس کے علاوہ سپریم کورٹ نے وزیر مملکت برائے اطلاعات طلال چوہدری اور وزیر مملکت برائے پرائیویٹائزیشن دانیال عزیز کو بھی توہین عدالت کے نوٹسسز جاری کر کے طلب کر لیا ہے۔