سہ ملکی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز شروع، آسٹریلیا کا نیوزی لینڈ کو ابتدائی میچ میں 7 وکٹوں سے ہرا کر فاتحانہ آغاز

اینڈریو ٹائی کی 4 اور سٹین لیک کی 3 وکٹیں، سٹین لیک میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

ہفتہ 3 فروری 2018 21:56

سہ ملکی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز شروع، آسٹریلیا کا نیوزی لینڈ کو ابتدائی ..
سڈنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 فروری2018ء) سہ ملکی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ سیریز شروع ہو گئی، آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو ابتدائی میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کیا، بارش کے باعث کینگروز کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت فتح کیلئے 15 اوورز میں 95 رنز کا ہدف ملا جو اس نے 12ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، کرس لین 44 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ گلین میکسویل نے 40 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی، اینڈریو ٹائی نے 4 اور سٹین لیک نے 3 وکٹیں لیکر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، سٹین لیک میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

(جاری ہے)

ہفتے کو سہ ملکی سیریز کے ابتدائی میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 117 رنز بنائے، کولن ڈی گرینڈ ہوم کے علاوہ کیویز کا کوئی بھی کھلاڑی کینگروز بائولرز کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کر سکا، گرینڈ ہوم نے 3 چھکوں کی مدد سے 38 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے، کولن منرو 3، مارٹن گپٹل 5، کپتان کین ولیمسن 8، ٹام بروس 3، روز ٹیلر 24، بلونڈل 14، مچل سینٹنر ایک، ٹم سائوتھی 9 اور آئش سودی بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، اینڈریو ٹائی نے 4، سٹین لیک نے 3 اور آشٹن ایگر اور ایڈم زمپا نے ایک، ایک وکٹ لی، جواب میں بارش کی وجہ سے کینگروز کو کامیابی کیلئے 15 اوورز میں 95 رنز کا ہدف ملا جو اس نے 11.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، آسٹریلوی اننگز کا آغاز کچھ زیادہ اچھا نہ تھا اور 10 کے سکور پر اسے دونوں اوپنرز ڈیوڈ وارنر اور ڈی پرسی شارٹ کا نقصان اٹھانا پڑا، شارٹ 4 اور وارنر 6 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، اس موقع پر کرس لین نے میکسویل کے ساتھ مل کر ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کر کے تیسری وکٹ میں 77 اہم رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح کے قریب پہنچا دیا، کرس لین 44 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے تو میکسویل نے 40 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی، بولٹ نے 2 اور سائوتھی نے ایک وکٹ لی۔

متعلقہ عنوان :