نیشنل پارٹی کی مرکزی کمیٹی کا اجلاس، جمہوریت کے استحکام ،بلوچستان کے ساحل وسائل کے تحفظ کیلئے جمہوری جد وجہد جاری رکھنے کا عزم

سینیٹ انتخابات کیلئے میر حاصل بزنجو کی صدارت میں سات رکنی کمیٹی ، اپوزیشن لیڈر کے حوالے سے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی سربراہی میں چار رکنی کمیٹی تشکیل دیدی گئی

ہفتہ 3 فروری 2018 21:12

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 فروری2018ء) نیشنل پارٹی کی مرکزی کمیٹی کا اجلاس مر کزی صد وفاقی وزیربرائے پورٹ اینڈ شپنگ سینیٹر میر حاصل خان بزنجو کی صدارت میں منعقد ہوا ،اجلاس میں مرکزی قیادت، پارلیما نی قائدین سمیت مرکزی کمیٹی کے اراکین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے پارٹی کے مرکزی رہنما ئوں نے کہا کہ بلوچستان میں حالیہ سیاسی بحران میں پارٹی نے انتہائی ثابت قدمی کے ساتھ اپنا کردار ادا کیا ،پارٹی کے اراکین نے سخت پریشر کے با وجود پارٹی کے فیصلوں کی پا سداری کی اجلاس میں کہا گیا کہ نیشنل پارٹی ایک جمہوری سیاسی جماعت ہے جو سمجھتی ہے کہ اس ملک کی ترقی و خوشحالی اور قوموں کے حقوق کے لئے جمہوریت کا استحکام اور پارلیمنٹ کی بالا دستی اولین شرط ہے اجلاس میں کہا گیا کہ جمہوریت کے خلاف ہونے والی سازشوں کے مقابلے کے لئے نیشنل پارٹی جمہوری و سیاسی قوتوں کے ساتھ کھڑی ہے ملک میں قانون کی حکمرانی پارلیمنٹ کی بالا دستی اور جمہوری اداروں کے استحکام کے لئے پارٹی اپنا سیاسی جمہوری اور آئینی کردار ادا کر تی رہے گی ،اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ بلوچستان کے عوام کے سیاسی معاشی اور قومی حقوق کے حصول کے لئے جمہوری جد و جہد جاری رکھی جائے گی بلوچستان کے عوام کے حقوق ساحل و وسائل کے تحفظ کے حصول کے لئے پارٹی اپنا سیاسی و قومی کردار ادا کرتی رہے گی اجلاس میں سینیٹ انتخابات کے حوالے سے پارٹی صدر میر حاصل بزنجو کی صدارت میں سات رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی اور تا کید کی گئی کہ سینیٹ انتخابات کے لئے امیدوار اپنی درخواستیں آج شام تک کمیٹی کے پاس جمع کروادیں سینیٹ انتخابات اور اپوزیشن لیڈر کے حوالے سے سابق وزیراعلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی سربراہی میں چار رکنی کمیٹی جس میں میر جان محمد بلیدی،سردار اسلم برنجو،میر رحمت صالح بلوچ شامل ہیں بھی تشکیل دی گئی جو سیاسی جما عتوں کے ساتھ مذاکرات کر کے لائحہ عمل ترتیب دے گی ،نیشنل پارٹی کی مرکزی کمیٹی کا اجلاس آج دوبارہ مرکزی صدر میر حاصل خان بزنجو کی صدارت میں جاری رہے گا جس میں 2018میں ہونے والے عام انتخابات کا جا ئزہ لے کر حکمت عملی ترتیب دی جائے گی ۔