پاکستان عوامی تحریک کشمیر ڈے پر مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرے گی

ہفتہ 3 فروری 2018 16:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 فروری2018ء) پاکستان عوامی تحریک کراچی سندھ کے ترجمان و سیکرٹری انفارمیشن الیاس مغل نے کراچی میڈیا سیل سے جاری اعلامیے میں کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک کے ذیر اہتمام 5فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر بھارت کے کشمیر پر غاصبانہ قبضے کے اور مظلوم نہتے کشمیری مسلمانوں پر بد ترین مظالم اور اب تک ایک لاکھ سے زائد کشمیری مسلمانوں کی شہادت کے خلاف کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے پاکستان عوامی تحریک کل5فروری ملک گیر احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالے گی اور یکجہتی کشمیر سیمینارز ہونگے ۔

اس سلسلے میں PATکے تحت چاروں صوبوں بشمول آزاد کشمیر،گلگت بلتستان میں مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

جس میں پاکستان عوامی تحریک کے قائدین،کشمیری نمائندوں کے علاوہ کثیر تعداد میں مردو خواتین بچے شریک ہونگے۔پاکستان عوامی تحریک کراچی ڈسڑکٹ ایسٹ کے تحت یکجہتی کشمیر کا مرکزی کیمپ چار مینار بہادر آباد چورنگی پر دن 12بجے سے رات 12بجے تک لگایا جائے گا ۔

کیمپ میں ہزاروں کی تعداد میں لٹریچر تقسیم کیا جائے گا۔بعد نماز مغرب پاکستان عوامی کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین،کراچی کے صدر مشتاق صدیقی،جنرل سیکرٹری رائو کامران محمود،دسٹرکٹ ایسٹ کے صدر ایاز قریشی،جنرل سیکرٹری حسنات فریدی سمیت سیاسی ،سماجی،کشمیری رہنماء خطاب کریں گے جبکہ جموں کشمیر عوامی تحریک کراچی کے کنونیئر اکرم مجاہد مہمان خصوصی ہونگے۔پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے میڈیا کے نمائندوں کو 5فروری رات 7;30بجے مرکزی کیمپ پر کوریج کیلئے مدعو کیا ہے ۔کیمپ میں شہدائے کشمیر کی یاد میں فاتحہ خوانی اور شمع روشن کیں جائیں گی۔