Live Updates

مریم نواز کے عدلیہ سے سوالات غیر ضروری ہیں ،ْ شہلا رضا

ہم سے اچھی حکمرانی کرنے کے دعوے دار بتائیں انہوں نے بے نظیر بھٹو کے قاتلوں کو کیوں نہیں پکڑا ،ْ انٹرویو

ہفتہ 3 فروری 2018 13:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 فروری2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور سندھ اسمبلی کی ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی جانب سے عدلیہ پر تنقیدی سوالات کو غیر ضروری قرار دیدیا۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شہلا رضا نے کہا کہ جس عدلیہ کو مسلم لیگ (ن) کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے ،ْ یہ وہی عدلیہ ہے جیسے خود نواز شریف نے ہی آزاد کروایا تھا لیکن جب کرپشن پکڑی گئی اور فیصلہ ان کے خلاف آیا تو یہی اس کے خلاف بیان بازی پر اتر آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاناما پیپرز کے انکشاف کے بعد سے پیپلز پارٹی کا بار بار یہی مطالبہ تھا کہ حکومت اس مسئلے کو پارلیمنٹ میں لے کر جائے جو ایک مناسب فورم ہے لہذا آج جب یہ سوال کرتے ہیں کہ مجھے کیوں نکلا تو انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ اس کی نوبت بھی خود انہی کی وجہ سے پیش آئی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ آج جب حکومت کی مدت ختم ہونے والی ہے اور انتخابات میں کم وقت باقی رہ گیا ہے تو نظامِ عدل کی باتیں کی جارہی ہیں، میں پوچھتی ہوں کہ سانحہ ماڈل ٹاؤل کے وقت عدل و انصاف کی باتیں کیوں نہیں کی گئیں اور ہم سے اچھی حکمرانی کرنے کے دعوے دار پھر یہ بھی بتائیں کہ انہوں نے سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے قاتلوں کو کیوں نہیں پکڑا اور کیوں ایک ایسے آمر کو ملک سے جانے کی اجازت دی، جس نے دو مرتبہ اس ملک کے آئین کو توڑا۔

ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا نے کہا کہ جب اسی عدالت نے پیپلز پارٹی کے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف کیس چلایا تب کسی کو بھی ہاتھ پارلیمنٹ کی جانب جاتے دیکھائی نہ دئیے اور ہمیں بار بار صفائی پیش کرنے کیلئے مطالبہ کیا جاتا رہا۔انہوںنے کہاکہ جس پارلیمنٹ میں احتساب ہونا چاہیے تھا وہاں نواز شریف نے ذرائع آمدن بتائے اور بعد میں اسے ایک سیاسی تقریر قرار دیا تھا تو آج جو بھی حالات ہیں ان سب کے ذمہ دار خود نواز شریف ہیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات