بنگالی قوم کی پاکستان کے لیے بڑی قربانیاں ہیں ۔بنگالیوں کے شناختی کارڈ کے مسئلے کے حل کے لئے ہرممکن کوشش کروں گا۔ نواز شریف کا بنگالی کمیونٹی سے خطاب

جمعہ 2 فروری 2018 22:20

بنگالی قوم کی پاکستان کے لیے بڑی قربانیاں ہیں ۔بنگالیوں کے شناختی کارڈ ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 فروری2018ء) سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ بنگالی قوم کی پاکستان کے لئے بڑی قربانیاں ہیں، ان کے شناختی کارڈ کے مسائل حل کرنے کے لئے ہرممکن کوشش کروں گا، ہماری حکومت نے بڑے مسائل حل کئے ہیں، منتخب حکومت کو اپنی مدت پوری کرنی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو مقامی ہوٹل میں پاک مسلم الائنس کے زیراہتمام منعقدہ تقریب میں کراچی میں مقیم بنگالی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

محمد نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ کی بنیاد ڈھاکہ میں ڈالی گئی تھی، بنگالی قوم نے پاکستان بنانے کے لئے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بنگالی کمیونٹی کے شناختی کارڈز کا مسئلہ سیاست سے بڑھ کر انسانیت کا مسئلہ ہے، شناختی کارڈ نہ ہونے کی وجہ سے کیا مسائل ہوسکتے ہیں میں اس کو بخوبی سمجھتا ہوں، آپ لوگ جس حالت میں رہتے ہیں مجھے اس کا انداز ہ ہے ،یہ سراسر ناانصافی ہے کہ ایک جائز مسئلہ تاخیر کا شکار ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ یہ بانیان پاکستان کی تیسری نسل ہے اور 50سال میں بھی اگر ان کو بنیادی حقوق نہیں مل رہے تو یہ بڑی زیادتی کی بات ہے، اگر مسلم لیگ (ن)آئندہ انتخابات میں کامیاب ہوئی تو سب سے پہلے یہ مسئلہ حل کیا جائے گا، ہم اس حوالے سے قانون سازی کریں گے اور میں ذاتی طور پر اس انسانی مسئلے کو حل کرنے کے لئے بھرپور کوشش کروں گا۔ محمد نواز شریف نے کہا کہ ہم نے اپنی حکومت میں بڑے مسائل حل کئے ہیں ،کراچی سے پشاور تک موٹر ویز کا جال بچھایا جا رہا ہے ، دنیا میں کسی ملک میں اتنا طویل موٹروے نہیں ہے،مسلم لیگ (ن) کی وفاقی حکومت نے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے اقدامات کئے اور آج ملک سے اندھیرے چھٹ رہے ہیں ،ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ بھی ہماری حکومت کا کارنامہ ہے۔

قبل ازیں چیئرمین پاک مسلم الائنس بچو عبدالقادر نے سابق وزیراعظم کو بنگالی کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ لاکھوں بنگالیوں کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ نہیں بن رہے ، ہماری برادری کے لوگوں کو حج اور عمرے جیسی سعادت میں مشکلات پیش آتی ہیں،ہم ڈھائی کروڑ ٹیکس ادا کرتے ہیں،ایک سال سے ہمارے پچاس ہزار ماہی گیر بے روزگار بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف ہماری امید کی کرن ہیں، ہمیں امید ہے کہ آپ ہمارے لئے آواز اٹھائیں گے۔