وکلاء معاشرے کا اہم حصہ اور انصاف کا محور ہوتے ہیں، قانون کی بالا دستی میں ان کا اہم کردار ہے۔ نواز شریف

سابق صدر سپریم کورٹ بار یاسین آزاد کا مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان

جمعہ 2 فروری 2018 22:35

وکلاء معاشرے کا اہم حصہ اور انصاف کا محور ہوتے ہیں، قانون کی بالا دستی ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 فروری2018ء) مسلم لیگ (ن) کے صدر اورسابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ وکلاء معاشرے کا اہم حصہ اور انصاف کا محور ہوتے ہیں، قانون کی بالا دستی میں وکلاء کا اہم کردار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو وکلاء کمیونٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر یاسین آزاد نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔

تقریب سے پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین کامران مرتضیٰ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔محمد نواز شریف نے کہا کہ میری خوش قسمتی ہے کہ یاسین آزاد سمیت 40 وکلاء نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی ہے، مجھے یقین ہے یہ ہماری جماعت اور ملک کے لئے بہت بڑا اثاثہ ثابت ہونگے، مجھ سمیت میرے تمام ساتھی اس شمولیت پر بہت خوش ہیں۔

(جاری ہے)

وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل کامران مرتضی نے کہا کہ آج 1999ء والے حالات نہیں ہیں۔

سیاسی جماعتیں ماضی کی طرح سمجھوتہ نہیں کرپائیں گی۔ سیاسی جماعتوں سے عوام اس وقت بددل ہوتے ہیں جب وہ بعض امور پر سمجھوتہ کرتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرنے والے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر محمد یاسین آزاد نے کہا کہ میں نے بار کی سطح پر بہت سیاست کرلی ہے اور اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ صرف نواز لیگ ہی پاکستان کے 22 کروڑ عوام کی ترجمانی کرتی ہے۔

متعلقہ عنوان :