پشاور، آل پاکستان انٹر یونیورسٹی فٹبال چیمپئن شپ

پنجاب یونیورسٹی نے سنٹرل پنجاب کو چار صفر سے شکست دیکر ٹرافی اپنے نام کرلی

جمعہ 2 فروری 2018 22:29

پشاور، آل پاکستان انٹر یونیورسٹی فٹبال چیمپئن شپ
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 فروری2018ء) آل پاکستان انٹر یونیورسٹی فٹبال چیمپئن شپ کے فائنل میں دفاعی چیمپئن یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب کو شکست ‘ٹرافی پنجاب یونیورسٹی نے جیت لی‘ گزشتہ روز پشاور یونیورسٹی گرائونڈ پر چیمپئن شپ کا فائنل دفاعی چیمپئن یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب اور پنجاب یونیورسٹی کی ٹیموں کے درمیان منعقد ہوا اس موقع پر صوبائی وزیر برائے ایکسائز و ٹیکسیشن میاں جمشید الدین کاکا خیل مہمان خصوصی تھے ان کے ہمراہ وائس چانسلر پشاور یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد آصف خان ‘ ڈائریکٹر سپورٹس پشاور یونیورسٹی بحرکرم ‘ ڈائریکٹر ایچ ای سی عزیز اللہ خان ‘ عرفان اللہ مروت ‘سلیم خان ‘یحییٰ خان ‘سجاد احمد سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں‘ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس پشاور یونیورسٹی کے زیر اہتمام جاری ٹورنامنٹ میں انیس ٹیموں نے شرکت کی گزشتہ روز فائنل یکطرفہ ثابت ہوا جس میں پنجاب یونیورسٹی نے یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب کو صفر کے مقابلے میں چار گول سے شکست دی ‘ پنجاب یونیورسٹی کی طرف سے عامر گولڈن‘ ذیشان صدیق‘شہباز طارق اور معظم علی نے گول سکور کئے ‘مہمان خصوصی صوبائی وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن میاں جمشید الدین کا کاخیل نے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور دیگر انعامات تقسیم کئے‘اپنے خطاب میں صوبائی وزیر ایکسائز وٹیکسیشن میاں جمشید الدین کا کاخیل نے بہترین ٹورنامنٹ کے انعقاد پر یونیورسٹی آف پشاور کو مبارکباد پیش کی کہ بہترین ماحول میں کھلاڑیوں کو بہترین سہولتیں فراہم کی گئیں اور یہ ٹورنامنٹ پشاور میںمنعقد کیا گیا انہوں نے کہا کہ صحت مندانہ سرگرمیوں کا زیادہ سے زیادہ انعقاد ناگزیر ہے اور امید ہے کہ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد آصف نے کہا کہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کو بہترین ماحول میں بہترین سہولتیں فراہم کی گئیں ہماری ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کا بھرپور خیال رکھا جائے اس کے ساتھ پشاور میں آل پاکستان انٹر یونیورسٹی فٹبال چیمپئن شپ کو مثالی طور پر منعقد کیا گیا جس پر ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس پشاور یونیورسٹی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور امید ہے کہ رواں ماہ شروع ہونیوالی آل پاکستان ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے لئے بھی بہترین انتظامات کئے جائیں گے ۔